
بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع اودے پور میں بیٹی کی شادی کی تقریب کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 51 سالہ شخص رقص کرتے ہوئے دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا، تاہم اہل خانہ نے مشکل حالات کے باوجود پہلے بیٹی کی شادی کی رسومات مکمل کرنے اور بعد میں آخری رسومات ادا کرنے کا فیصلہ کیا۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 20 نومبر کی رات رشبھ دیو سب ڈویژن کے گاؤں پتیار (بھودھر) میں پیش آیا، جہاں شنکر لال میگھوال اپنی 26 سالہ بیٹی پریانکا کی شادی سے قبل ہونے والی تقریب ’بندو لی‘ میں شریک تھے۔ شنکر لال احمد آباد میں ایک نجی کمپنی میں ڈرائیور کے طور پر کام کرتے تھے۔
رپورٹ کے مطابق تقریب کے دوران شنکر لال دیگر افراد کے ساتھ رقص کر رہے تھے کہ اچانک انہیں سینے میں درد محسوس ہوا اور ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ ان کے بیٹوں دلیپ اور امیش سمیت اہل خانہ انہیں فوری طور پر رشبھ دیو کے اسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں اودے پور کے ایم بی اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ تاہم وہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
شنکر لال کی لاش اسپتال کے مردہ خانے میں رکھوا دی گئی، جبکہ ان کی بیٹی کی شادی 21 نومبر کی دوپہر طے تھی۔ اس صورت حال میں اہل خانہ کو ایک انتہائی مشکل فیصلے کا سامنا کرنا پڑا، کیونکہ ایک طرف گھر کے سربراہ کی اچانک موت کا صدمہ تھا تو دوسری جانب بیٹی کی شادی کی تیاریاں مکمل ہو چکی تھیں۔
ابتدائی طور پر شنکر لال کے بیٹوں نے فیصلہ کیا کہ والد کی موت کی خبر اپنی والدہ اور بہن کو فوری طور پر نہیں بتائی جائے گی۔ انہوں نے دونوں کو بتایا کہ والد انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں زیر علاج ہیں اور ان کی حالت ایسی نہیں کہ وہ کسی سے بات کر سکیں۔
دوسری جانب برادری کے 2 افراد نے دولہے کے اہل خانہ کو واقعے سے آگاہ کر دیا تھا۔ اس کے بعد دولہا اپنے تقریباً 15 سے 20 رشتہ داروں کے ہمراہ 20 نومبر کی رات تقریباً 25 کلومیٹر کا سفر طے کرکے چناواڑا گاؤں سے دلہن کے گھر پہنچا۔
شادی کی رسومات مقررہ وقت سے پہلے 21 نومبر کی رات تقریباً 3 بجے مکمل کر لی گئیں۔ پریانکا کی رخصتی کے بعد اسی روز شنکر لال کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔
شنکر لال اپنے پیچھے 3 بچے، بیٹی پریانکا اور 2 بیٹے چھوڑ گئے ہیں۔ واقعے نے خاندان اور مقامی برادری کو صدمے سے دوچار کر دیا، جہاں ایک طرف بیٹی کی نئی زندگی کے آغاز کی خوشی تھی تو دوسری جانب گھر کے سربراہ کی اچانک موت کا غم بھی خاندان کو برداشت کرنا پڑا۔