
لاہور ہائی کورٹ نے قرار دیا ہے کہ شوہر کے ذہنی اور جسمانی تشدد کا شکار بیوی کو خلع لینے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا اور وہ مکمل حق مہر کی حقدار ہوگی۔
عدالت نے واضح کیا ہے کہ تشدد کی بنیاد پر بیوی کو نکاح ختم کرانے کا قانونی حق حاصل ہے اور شوہر کو طے شدہ مالی واجبات بھی ادا کرنا ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے ازدواجی زندگی میں ذہنی اور جسمانی تشدد سے متعلق مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ماتحت عدالتوں کے احکامات میں ترمیم کردی۔
عدالت نے قرار دیا کہ شوہر کی جانب سے تشدد کی صورت میں بیوی کو خلع کے بجائے تنسیخ نکاح کی ڈگری دی جائے گی، کیونکہ تشدد کا شکار خاتون کو شادی ختم کرنے کے لیے خلع لینے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ جسمانی اور ذہنی تشدد کا سامنا کرنے والی بیوی اپنے حق مہر سے محروم نہیں ہوگی اور شوہر نکاح نامے میں طے شدہ شرائط کے مطابق مکمل حق مہر ادا کرنے کا پابند ہوگا۔
عدالت کے مطابق شوہر کا ایسا کوئی بھی رویہ جو بیوی کی عزت نفس، ذہنی سکون یا زندگی کو متاثر کرے، قانونی طور پر ظلم کے زمرے میں آتا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ نے شوہر کو بیوی کے خصوصی اخراجات کی مد میں 5 لاکھ روپے اور سامان جہیز کے معاوضے کے طور پر 4 لاکھ روپے ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔