دورانِ پرواز طیارے کا دروازہ کھولنے کی کوشش، مسافروں نے کیسے حادثے کو ٹالا؟

امریکی فضائی کمپنی امریکن ایئرلائنز کی سان ڈیاگو سے شکاگو جانے والی پرواز کو دورانِ پرواز ایک مسافر کی جانب سے طیارے کا دروازہ کھولنے کی مبینہ کوشش کے بعد ہنگامی طور پر ایریزونا کے شہر فینکس میں اتار لیا گیا، جہاں عملے اور دیگر مسافروں نے مل کر مذکورہ شخص کو قابو کرلیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق امریکن ایئرلائنز کی پرواز 1494 کو مسافر کے غیر مناسب رویے کے باعث فینکس اسکائی ہاربر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا۔ ایئرلائن نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ طیارے کی منزل شکاگو کا او ہیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ تھی۔

فینکس پولیس کے مطابق دورانِ پرواز ایک مسافر اپنی مقررہ نشست سے اٹھ کر طیارے کے اگلے حصے میں پہنچ گیا اور عملے کی جانب سے بار بار اپنی نشست پر واپس جانے کی ہدایات کے باوجود انکار کرتا رہا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مسافر نے طیارے کے ہنگامی اخراج کے دروازے کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے اور اسے کھولنے کی کوشش بھی کی۔

صورتحال کشیدہ ہونے پر طیارے کے عملے اور دیگر مسافروں نے مل کر اس شخص کو قابو کرنے کی کوشش کی اور اسے زمین پر گرا کر پکڑ لیا۔ پولیس کے مطابق طیارہ رات تقریباً 1 بجے بحفاظت فینکس ایئرپورٹ پر اترا، جس کے بعد متعلقہ مسافر کو عملے اور دیگر مسافروں کی مدد سے قابو میں رکھا گیا۔

واقعے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے، جس میں مسافر کو طیارے کے عملے اور دیگر افراد کے ساتھ ہاتھا پائی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں مسافر کو قابو کرنے کے لیے متعدد افراد جدوجہد کرتے ہیں اور بالآخر اسے طیارے کے فرش پر گرا کر پکڑ لیتے ہیں۔

پرواز میں موجود شان بینیٹ نامی مسافر نے بھی اس واقعے کی ویڈیو ریکارڈ کرکے سوشل میڈیا پر شیئر کی۔ انہوں نے لکھا کہ کسی شخص نے طیارے پر قبضہ کرنے کی کوشش کی، جس کے بعد پرواز کو ہنگامی طور پر فینکس میں اتارنا پڑا۔ ان کا کہنا ہے چند بہادر مسافروں نے مل کر اس شخص کو قابو کیا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔

امریکن ایئرلائنز کے مطابق فینکس میں طیارے کی لینڈنگ کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار پہلے سے موجود تھے، جنہوں نے متعلقہ مسافر کو طیارے سے اتارنے میں مدد فراہم کی۔ اس کے بعد پرواز نے اپنا سفر دوبارہ شروع کیا اور شکاگو کے او ہیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب روانہ ہوگئی۔

فینکس پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث مسافر کو گرفتار نہیں کیا گیا، تاہم اسے معمولی چوٹ آئی جبکہ طیارے کے عملے یا دیگر مسافروں میں سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔ امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کے مطابق واقعے سے متعلق ایف بی آئی کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles