میامی ایئرپورٹ پر فیڈیکس طیارہ رن وے سے آگے نکل گیا، پروازیں معطل

امریکا میں تھینکس گیونگ کی تعطیلات سے پہلے فضائی سفر کا رش بڑھنے کے دوران میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک کارگو طیارے کے رن وے سے آگے نکل جانے کے باعث پروازوں کا آپریشن متاثر ہوگیا۔ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے واقعے کے بعد میامی جانے والی پروازوں کو عارضی طور پر روک دیا، جبکہ ایئرپورٹ کے بیشتر رن وے بھی بند کردیے گئے۔

بی بی سی کے مطابق یہ واقعہ بدھ کی شام پیش آیا، جب فیڈیکس کا ایک کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے آگے نکل گیا۔ طیارہ امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر میمفس سے میامی پہنچا تھا۔ حکام کے مطابق واقعے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کی ہدایت کے مطابق رات 8 بج کر 15 منٹ کے فوراً بعد میامی جانے والی پروازوں کو روانگی سے روک دیا گیا۔ ایئرپورٹ کے تمام رن وے بند کردیے گئے، تاہم ایک رن وے کو کھلا رکھا گیا تاکہ فضائی آپریشن مکمل طور پر معطل نہ ہو۔

ایف اے اے نے بی بی سی کو بتایا کہ پروازوں کی آمد و رفت رات تقریباً 10 بجے تک بحال ہونے کی توقع ہے۔ حکام واقعے کی تحقیقات بھی کر رہے ہیں۔

یہ واقعہ تھینکس گیونگ سے ایک روز پہلے پیش آیا، جو امریکا میں سال کے مصروف ترین سفری دنوں میں شمار ہوتا ہے۔ تعطیلات کے دوران میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ مسافروں کے لیے ملک کی پانچ بڑی مقامی منزلوں میں شامل ہے۔ امریکی آٹوموبائل ایسوسی ایشن کے مطابق اس ہفتے بڑی تعداد میں مسافروں کی میامی آمد متوقع ہے۔

ایئرپورٹ پر پروازوں کی تاخیر ایک گھنٹے تک پہنچ گئی، تاہم بدھ کی رات بعد میں اس میں کمی آنے کے آثار دکھائی دیے۔

میامی ڈیڈ ایوی ایشن ڈپارٹمنٹ کے ترجمان گریگ چن نے بی بی سی کو بتایا کہ ایئرپورٹ انتظامیہ معمول کے آپریشن کو محفوظ طریقے سے بحال کرنے کے لیے کام کر رہی ہے اور اس دوران مسافروں کے تحمل پر شکر گزار ہے۔

حکام نے بدھ کی رات سفر کرنے والے مسافروں کو ہدایت کی کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے اپنی متعلقہ ایئرلائن سے پرواز کی تازہ صورت حال معلوم کرلیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles