
یونان سمیت متعدد یورپی ممالک میں مہنگائی کے خلاف عوام کا احتجاج ۔۔ ٹرینوں کے ڈرائیورز اور ملازمین نے تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے کے لیے ہڑتال کردی جس کے باعث متعدد یورپی ممالک کے درمیان ریل رابطے متاثر ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یورو اسٹار ٹرینوں کے ڈرائیورز کی ہڑتال کے باعث پیرس اور لندن کے درمیان متعدد ٹرینیں منسوخ جبکہ کئی ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں، پیرس اور برسلز کے درمیان بھی ریل سروس متاثر ہے۔
ادھر یونان بھر میں مزدور تنظیموں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ملازمین نے ملک گیر ہڑتال کی اور احتجاجی مظاہرے کیے
دارالحکومت ایتھنز میں تقریباً 15 ہزار افراد نے احتجاج میں شرکت کی اور مرکزی شاہراہوں پر مارچ کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے سامنے پہنچ گئے۔
مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے، سالانہ بونس بحال کیے جائیں اور صحت و تعلیم کے شعبوں میں سہولیات بہتر بنائی جائیں۔
ملک گیر ہڑتال کے باعث یونان میں ٹرانسپورٹ کا نظام بھی متاثر ہوا۔ ایتھنز میں میٹرو اور ٹرام سروس کے اوقات تبدیل کردیے گئے، جبکہ بحری جہازوں کی آمدورفت اور علاقائی ہوائی اڈوں پر پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔