فیس بک اور انسٹاگرام پر اکاؤنٹ بند ہوا تو شکایت کون سنے گا؟

فیس بک اور انسٹاگرام کے صارفین کو اب اپنی پوسٹس ہٹائے جانے یا اکاؤنٹس بند ہونے کی صورت میں انسانی مدد حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ میٹا کی جانب سے مواد کی نگرانی کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال بڑھانے اور انسانی عملے میں کمی کے فیصلے پر کمپنی کے ملازمین نے بھی تشویش ظاہر کی ہے۔

برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ کی رپورٹ کے مطابق فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا نے مواد کی نگرانی کے لیے مصنوعی ذہانت پر انحصار بڑھا دیا ہے۔

کمپنی نے مارچ 2026 میں اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی ایپس پر مواد کی نگرانی کے لیے زیادہ جدید خودکار نظام استعمال کرے گی، تاہم ملازمین کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کے ساتھ انسانی نگرانی کرنے والی ٹیموں کے ارکان کی تعداد بھی تیزی سے کم کی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق بعض ٹیموں میں ملازمین کی تعداد نصف یا اس سے بھی کم رہ گئی ہے، جب کہ کینیا سمیت مختلف مقامات پر کام کرنے والے انسانی جائزہ کاروں اور مستقل عملے کی خدمات بھی ختم کی گئی ہیں۔

اس صورت حال میں صارفین کے لیے اپنی پوسٹس ہٹائے جانے یا اکاؤنٹس بند ہونے کے فیصلوں پر انسانی مدد حاصل کرنا اور اپیل کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

میٹا کے ملازمین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کا نظام ہر پوسٹ کا مطلب اور اس کے پس منظر کو درست طور پر نہیں سمجھ پاتا۔ خاص طور پر مختلف زبانوں اور ایسے مواد کی جانچ میں مشکلات پیش آتی ہیں جن کا درست مطلب جاننے کے لیے سیاق و سباق کو سمجھنا ضروری ہوتا ہے۔

اس کے نتیجے میں بعض ایسی پوسٹس بھی ہٹائی جا سکتی ہیں جن میں پلیٹ فارم کے قواعد کی خلاف ورزی نہیں ہوتی۔

رپورٹ میں ڈیجیٹل حقوق پر نظر رکھنے والے ادارے ریپرو اَن سینسرڈ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ فیس بک اور انسٹاگرام پر سیاسی سرگرمیوں کے دوران اکاؤنٹس اچانک بند کیے جانے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔

ادارے نے 2025 میں ایسے 210 واقعات ریکارڈ کیے، جب کہ 2026 کے ابتدائی چھ ماہ میں یہ تعداد بڑھ کر 657 ہوگئی۔ میٹا کے بعض ملازمین کا خیال ہے کہ خودکار نظام ان واقعات میں کردار ادا کر سکتا ہے، تاہم ان فیصلوں کے پیچھے موجود نظام کی مکمل تفصیلات واضح نہیں ہیں۔

میٹا نے سیاسی وابستگی یا سرگرمیوں کی بنیاد پر صارفین کے خلاف کارروائی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام صارفین پر یکساں قواعد لاگو ہوتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق اس کے تازہ تجربات میں مصنوعی ذہانت کے نظام مواد سے متعلق فیصلوں میں انسانی عملے کے مقابلے میں اوسطاً 13 فیصد کم غلطیاں کرتے ہیں اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والا 10 فیصد زیادہ مواد شناخت کرتے ہیں۔ میٹا کا کہنا ہے کہ صارفین کو فیصلوں کے خلاف اپیل کا حق حاصل ہے۔

تاہم ملازمین کے تحفظات اور انسانی عملے میں کمی کے باعث یہ سوال اہم ہوگیا ہے کہ اگر کسی صارف کا اکاؤنٹ یا پوسٹ غلطی سے بند یا ہٹا دی جائے تو اس کی شکایت سننے اور معاملے کا جائزہ لینے کے لیے انسانی مدد کس حد تک دستیاب ہوگی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles