نقیب اللہ قتل کیس کے مرکزی ملزم شعیب شوٹر کی ضمانت منسوخ


کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس کے مرکزی ملزم اور سابق ایس ایس پی راؤ انوار کے ساتھی سابق ایس ایچ او شعیب شوٹر کی ضمانت منسوخ کردی۔ عدالت نے اغوا کے مقدمے میں گواہان کو قتل اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کا الزام ثابت ہونے پر ملزم کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرکے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
کراچی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اورنگزیب عالمگیر قاضی نے سابق ایس ایچ او شعیب شوٹر کی ضمانت منسوخ کرنے کا حکم دیا۔
دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ مدعیہ نے درخواست دی تھی کہ ملزم کی جانب سے گواہان کو قتل اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔
جج اورنگزیب عالمگیر قاضی کے مطابق شعیب شوٹر کے خلاف گواہان کو دھمکیاں دینے کا الزام ثابت ہوا ہے، ملزم نے ضمانت کا غلط استعمال کرتے ہوئے گواہان کو ہراساں کیا۔
عدالت نے گواہان کو تحفظ فراہم نہ کرنے پر ڈی ایس پی اے وی سی سی پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ پولیس گواہان کو تحفظ دینے میں ناکام رہی ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ گواہان کو تحفظ فراہم نہ ہونے سے عوام کا عدالتوں پر اعتماد کم ہوگا۔
عدالت کے حکم پر شعیب شوٹر کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا، جس کے بعد انہیں جیل بھیجنے کا حکم دیا گیا۔ عدالت نے ملزم کے پروڈکشن آرڈر بھی جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
شعیب شوٹر کے خلاف مبینہ ٹاؤن تھانے میں اغوا کا مقدمہ درج ہے، جس کا تعلق مدعیہ کے بیٹے کے اغوا سے ہے۔
نقیب اللہ محسود قتل کیس کا پس منظر
نقیب اللہ محسود کو 13 جنوری 2018 کو کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں پولیس مقابلے کے دوران قتل کیا گیا تھا۔ اس وقت کے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی سربراہی میں پولیس نے مقابلے میں نقیب اللہ سمیت 4 افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا اور انہیں دہشت گرد قرار دیا تھا۔
جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ نقیب اللہ محسود کے اہل خانہ نے پولیس مقابلے کو جعلی قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ نقیب اللہ کا کسی دہشت گرد تنظیم سے تعلق نہیں تھا۔
واقعے کے بعد ملک بھر میں احتجاج اور شدید ردعمل سامنے آیا، جس پر پولیس کی اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں مقابلے کو جعلی قرار دیا تھا۔ کمیٹی کے مطابق نقیب اللہ کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
بعد ازاں نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایس پی راؤ انوار اور دیگر پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ چلا، تاہم 23 جنوری 2023 کو کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے راؤ انوار سمیت تمام ملزمان کو بری کردیا تھا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles