
ملک بھر میں سونے کی قیمت میں مسلسل 2 روز اضافے کے بعد آج ہزاروں روپے کی بڑی کمی ہوئی ہے، جہاں فی تولہ سونا 11500 روپے اور 10 گرام سونا 9860 روپے سستا ہوگیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں بدھ کے روز پاکستان میں سونے اور چاندی کے نرخوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 11 ہزار 500 روپے کی بڑی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 73 ہزار 936 روپے ہوگئی ہے۔
اسی طرح مقامی سطح پر 10 گرام سونے کی قیمت میں 9 ہزار 860 روپے کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد 10 گرام سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 20 ہزار 589 روپے ہوگئی ہے۔
دوسری جانب بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں 115 ڈالر کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد فی اونس سونا 3 ہزار 514 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
ملک بھر میں سونے کے ساتھ چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی کی قیمت 224 روپے کی کمی سے 4 ہزار 463 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت 192 روپے کی کمی سے 3 ہزار 826روپے کی سطح پر آگئی ہے۔
یاد رہے کہ سونے کی قیمت میں گزشتہ 2 روز سے اضافہ دیکھا جا رہا تھا۔ پیر کو فی تولہ سونے کی قیمت 7800 جب کہ منگل کو 1300 روپے بڑھ گئی تھی، البتہ آج اس میں بڑی کمی ہوئی ہے۔
گزشتہ روز 24 نومبر کو پاکستان میں فی تولہ سونا 1300 روپے مہنگا ہو کر 3 لاکھ 85 ہزار 436 روپے کا ہوگیا تھا جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت 1115 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 30 ہزار 449 روپے ہوگئی تھی۔
اس سے قبل 23 نومبر کو بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا، فی تولہ سونا 7800 روپے مہنگا ہوکر 3 لاکھ 84 ہزار 136 روپے جب کہ 10 گرام سونا 6687 روپے مہنگا ہونے کے بعد 3 لاکھ 29 ہزار 334 روپے کا ہو گیا۔
واضح رہے کہ عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، ان عوامل میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورت حال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے جب کہ غیر یقینی صورتحال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔