پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں ہوگا: محسن نقوی کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی افتتاحی تقریب اور ایونٹ کا پہلا میچ پشاور میں منعقد ہوگا۔

پشاور میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پشاور اور خیبر پختونخوا کے عوام کو کرکٹ کی بحالی مبارک ہو۔

انہوں نے کہا کہ گورنر جب بھی ان سے ملاقات کرتے ہیں تو خیبر پختونخوا میں کرکٹ کے انعقاد کی بات کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال تیزی سے بہتر ہو رہی ہے اور کرکٹ کی بحالی کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

پشاور میں پی ایس ایل، دیگر میچز کا انعقاد

محسن نقوی نے کہا کہ 12 سال بعد پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب پشاور میں ہونے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بھی اس حوالے سے بھرپور کوشش کی گئی تھی، تاہم اس وقت یہ ممکن نہیں ہوسکا تھا۔

چیئر مین پی سی بی نے اعلان کیا کہ جنوری کے تیسرے ہفتے میں پشاور میں تین پاکستانی ٹیموں کے درمیان ٹی 20 ٹورنامنٹ منعقد ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ اس ٹورنامنٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کی ایک سینئر ٹیم، پاکستان شاہینز اور پاکستان انڈر 19 ٹیم حصہ لیں گی۔

محسن نقوی کے مطابق اس اقدام کا مقصد خیبر پختونخوا میں کرکٹ کی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور کھیل کی بحالی کے لیے مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔

خیبر پختونخوا میں انٹرنیشنل کرکٹ کرانے کا عزم

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بہت زیادہ کرکٹ ٹیلنٹ موجود ہے اور قومی کرکٹ ٹیم میں بھی صوبے کے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کھیلوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور گراؤنڈز کی بہتری کے حوالے سے بھی کام جاری ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ تمام متعلقہ فریق مل کر کام کریں گے اور امید ہے کہ خیبر پختونخوا میں اس کے نتائج سامنے آئیں گے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles