فیلڈ مارشل کا دورۂ ملائیشیا: وزیراعظم انور ابراہیم سے ملاقات میں ‏عسکری تعاون بڑھانے پر اتفاق


چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر ملائیشیا کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں وزیراعظم انور ابراہیم سمیت اعلیٰ ‏سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتوں میں باہمی عسکری تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پتراجایا میں واقع ’پردانہ پترا‘ میں ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم سے ملاقات کی۔
وزیراعظم انور ابراہیم نے فیلڈ مارشل کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوستی، باہمی اعتماد اور تعاون کے دیرینہ تعلقات کو سراہتے ہوئے دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، دفاعی و سیکیورٹی تعاون اور بدلتی ہوئی علاقائی و عالمی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کرتے ہوئے علاقائی امن، استحکام اور سیکیورٹی کے فروغ کے لیے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے ملائیشیا کے تعمیری کردار کو سراہا، اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے مابین دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید گہرا کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور ملائیشیا نے اعلیٰ سطح کے دوروں، عسکری تعاون میں اضافے اور علاقائی و بین الاقوامی سیکیورٹی امور پر مسلسل بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس ملاقات کے بعد کوالالمپور میں ملائیشیا کی وزارتِ دفاع آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو روایتی ’گارڈ آف آنر‘ پیش کیا گیا۔
اس موقع پر ملائیشیا کے چیف آف ڈیفنس فورس جنرل تان سری حاجی ملک رزاق سلیمان کے ہمراہ ملائیشین آرمی، رائل ملائیشین نیوی اور رائل ملائیشین ایئر فورس کے سربراہان بھی موجود تھے۔
ملائیشیا کے وزیرِ دفاع داتو سری محمد خالد بن نورڈین کے ساتھ ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو وسعت دینے، عسکری سطح پر روابط مضبوط بنانے اور مسلح افواج کے مابین تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے پر خصوصی زور دیا۔
بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ملائیشیا کے ’نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر‘ کا دورہ بھی کریں گے، جہاں انہیں ادارے کے ممتاز ’ہال آف فیم‘ کے 21 ویں رکن کے طور پر شامل کرنے کے لیے ایک باقاعدہ تقریب منعقد کی جائے گی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles