تاجکستان کا عالمی فوجداری عدالت سے علیحدگی کا اعلان

وسطی ایشیا کے اہم ملک تاجکستان نے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ (آئی سی سی) سے علیحدگی کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ کو اس فیصلے کے آگاہ کر دیا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے تاجکستان کی جانب سے آئی سی سی سے علیحدگی اختیار کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔

روسی خبر رساں ادارے ٹاس کے مطابق تاجکستان نے 20 نومبر کو سیکریٹری جنرل کو تحریری طور پر اس فیصلے سے آگاہ کیا تھا، جس کے بعد ’روم اسٹیٹیوٹ‘ کے آرٹیکل 127 کے تحت یہ علیحدگی 20 نومبر 2027 کو مؤثر ہو جائے گی۔

یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند روز قبل امریکا، روس اور چین کے صدور نے ایک تاریخی سہ فریقی اجلاس میں عالمی عدالت کے دائرہ اختیار کو مشترکہ طور پر چیلنج کیا تھا۔

اس اعلان کے ساتھ ہی تاجکستان رواں سال 2026 میں آئی سی سی چھوڑنے کا عمل شروع کرنے والا ساتواں ملک بن گیا ہے، اس سے قبل نائجر، برکینا فاسو، مالی، چاڈ، وینزویلا اور ناؤرو بھی علیحدگی کا اعلان کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ ’روم اسٹیٹیوٹ‘ وہ عالمی معاہدہ ہے جس کے تحت نیدرلینڈز کے شہر ہیگ میں واقع ’انٹرنیشنل کرمنل کورٹ‘ (عالمی فوجداری عدالت) قائم کی گئی تھی۔ یہ معاہدہ 17 جولائی 1998 کو اٹلی کے دارالحکومت روم میں اقوامِ متحدہ کی ایک سفارتی کانفرنس کے دوران منظور کیا گیا اور یکم جولائی 2002 سے باقاعدہ نافذ ہوا۔

اس معاہدہ کے تحت آئی سی سی کو چار سنگین ترین عالمی جرائم کے مرتکب افراد کے خلاف مقدمہ چلانے اور سزا دینے کا اختیار حاصل ہے جس میں نسل کشی، انسانیت کے خلاف جرائم، جنگی جرائم اور جارحیت پر مبنی جرائم شامل ہیں۔

جو ملک اس معاہدے پر دستخط کر کے اس کی توثیق کرتا ہے، وہ قانونی طور پر پابند ہوتا ہے کہ اگر آئی سی سی کسی شخص کے وارنٹِ گرفتاری جاری کرے اور وہ شخص اس ملک کی سرزمین پر آئے، تو وہ ملک اسے گرفتار کر کے عدالت کے حوالے کرے۔

پاکستان، امریکا، روس، چین، بھارت اور اسرائیل اس معاہدے کے مستقل فریق (رکن) نہیں ہیں، جس کی وجہ سے آئی سی سی کا دائرہ اختیار ان ممالک پر براہِ راست لاگو نہیں ہوتا۔

معاہدے کے آرٹیکل 127 کے مطابق کوئی بھی رکن ملک اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو تحریری نوٹس دے کر اس سے الگ ہو سکتا ہے، تاہم نوٹس دینے کے ایک سال بعد تک اس ملک کی رکنیت برقرار رہتی ہے۔

پیوٹن کے وارنٹ اور دورۂ تاجکستان

تاجکستان کے آئی سی سی سے علیحدگی کے فیصلے کے پسِ منظر میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے اکتوبر 2025 کے دورۂ تاجکستان کا معاملہ بھی اہمیت رکھتا ہے۔

مارچ 2023 میں آئی سی سی نے یوکرینی بچوں کی مبینہ جبری بے دخلی کے الزام میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور بچوں کے حقوق کی کمشنر ماریا لووا بیلووا کے وارنٹِ گرفتاری جاری کیے تھے، تاہم ماسکو نے عدالت کے دائرہ اختیار کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

بعد ازاں اکتوبر 2025 میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے کا سرکاری دورہ کیا، مگر تاجک حکومت نے رکن ملک ہونے کے باوجود انہیں گرفتار نہیں کیا تھا۔

اس معاملے پر یورپی یونین کی جانب سے تاجکستان کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ مارچ 2026 میں آئی سی سی کے ججز نے بھی باقاعدہ فیصلہ سنایا کہ تاجکستان نے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے اور معاملہ مزید کارروائی کے لیے رکن ممالک کی اسمبلی کو بھجوا دیا ہے۔

تاجکستان کے فیصلے پر عالمی ردعمل

آئی سی سی کی اسمبلی آف اسٹیٹس پارٹیز اور یورپی یونین نے تاجکستان کے فیصلے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ معاہدے سے علیحدگی کے باوجود تاجکستان رکنیت کے دوران عائد ہونے والی قانونی ذمہ داریوں، بشمول پیوٹن کیس میں عدم تعاون، سے بری الذمہ نہیں ہو سکتا۔

واضح رہے کہ 1998 کے روم اسٹیٹیوٹ کے تحت قائم ہونے والی انٹرنیشنل کرمنل کورٹ اقوامِ متحدہ کا حصہ نہیں ہے اور امریکا، روس اور چین سمیت کئی بڑی طاقتیں اس کے دائرہ اختیار کو تسلیم نہیں کرتیں۔

حالیہ شینزن سمٹ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئی سی سی کو ایک ’بے لگام گلوبلسٹ تنظیم‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ادارہ قابو سے باہر ہو چکا ہے، اور پہلی بار چین نے بھی اس ادارے کی اصلاحات کے مطالبے میں امریکا اور روس کا ساتھ دیا ہے۔

تاجکستان کی جانب سے عدالت سے دستبرداری کا نوٹس اقوام متحدہ کو موصول ہونے کے بعد معاہدے کے تحت ایک سالہ مدت شروع ہو چکی ہے، جس کے اختتام پر 20 نومبر 2027 کو اس کی رکنیت ختم ہو جائے گی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles