روسی خبررساں ادارے اسپوٹنک کی اردو نیوز سروس کا آغاز

روسی خبررساں ادارے اسپوٹنک نے اپنی اردو نیوز سروس کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے، جس کے بعد وہ اردو زبان میں خبریں فراہم کرنے والا پہلا روسی خبررساں ادارہ بن گیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے نئی سروس کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پاکستان اور روس کے عوام کے درمیان روابط اور باہمی اعتماد کو فروغ ملے گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے اسپوٹنک اردو سروس کے آغاز پر خصوصی ویڈیو پیغام میں ادارے کی انتظامیہ اور ادارتی ٹیم کو مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ نئی اردو سروس دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے کے ساتھ باہمی افہام و تفہیم کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

اس موقع پر اسپوٹنک نے پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی کا ماسکو میں اپنے اسٹوڈیو میں پہلا اردو انٹرویو بھی ریکارڈ کیا۔ انٹرویو میں پاکستانی سفیر نے پاکستان اور روس کے تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان میڈیا روابط کی اہمیت اجاگر کی۔

اسپوٹنک کے مطابق ادارہ دنیا بھر میں 30 سے زائد زبانوں میں خبریں فراہم کر رہا ہے، جبکہ یورپ، ایشیا، افریقا اور دیگر خطوں میں اس کے 26 ادارتی مراکز قائم ہیں۔

ادارے کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر 3 کروڑ 40 لاکھ سے زائد سبسکرائبرز ہیں، جبکہ اس کی ریڈیو نشریات 21 کروڑ سے زائد سامعین تک پہنچتی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کے متوقع دورہ روس سے قبل اسپوٹنک اردو سروس کا آغاز پاکستان اور روس کے درمیان میڈیا تعاون کے حوالے سے اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

نئی سروس کے ذریعے پاکستانی عوام کو روسی ثقافت، معاشرت اور مختلف شعبوں میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہی حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

بی بی سی اور وائس آف امریکہ کے بعد اسپوٹنک کی اردو سروس کا آغاز بھی اردو زبان کی عالمی اہمیت اور بین الاقوامی ابلاغ میں اس کی بڑھتی ہوئی ضرورت کا اعتراف ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles