
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں چوہدری منظور اور ندیم افضل چن نے آئینی ترامیم، صوبائی خودمختاری اور جمہوری امور پر اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین میں تبدیلی کا اختیار سینیٹ اور قومی اسمبلی کے پاس ہے، جبکہ پیپلز پارٹی تمام صوبوں کی جماعت ہے اور کسی بھی بحث سے نہیں گھبراتی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور نے ندیم افضل چن کے ہمراہ پریش کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئین میں تبدیلی کرنے کا ایک واضح طریقہ کار موجود ہے اور یہ حق صرف سینیٹ اور قومی اسمبلی کو حاصل ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ آئین کی دیوار توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوششیں ہو رہی ہیں، اور اگر اس طرح کوئی چور دروازہ بن گیا تو ان کے خیال میں آئین کی شق 58 ٹو بی فوراً بحال ہو جائے گی، جس کے تحت ماضی میں صدر کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار حاصل تھا۔
چوہدری منظور کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کسی بحث یا کسی کے سوال اٹھانے سے نہیں گھبراتی۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہر مسئلہ طاقت کے ذریعے حل نہیں کیا جا سکتا، اور واضح کیا کہ آئین کے تحت صوبائی اسمبلی کو ویٹو کا اختیار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے صوبائی خودمختاری، جمہوریت اور ذرائع ابلاغ کی آزادی پر بات کی ہے۔
ندیم افضل چن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی تمام صوبوں کی جماعت ہے اور پورے ملک کی بات کرتی ہے۔
خبر میں مزید تفصیلات شامل کی جا رہی ہیں۔۔۔