
پاکستان کے پہلے خلا نورد کی تاریخی خلائی پرواز کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں، وفاقی وزیر احسن اقبال مشن کی تقریب میں شرکت کے لیے بیجنگ پہنچ گئے۔
چین نے پاکستانی خلا باز کو لے جانے والے خلائی جہاز شینژو 24 کی لانچنگ مشق بھی کامیابی سے مکمل کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بیجنگ پہنچنے پر چینی حکام اور پاکستانی سفارت خانے کے نمائندوں نے وفاقی وزیر احسن اقبال کا استقبال کیا۔ وہ خلائی مشن کے مرکز کا دورہ کریں گے، جہاں تربیت مکمل کرنے والے دونوں پاکستانی خلا نوردوں سے ملاقات کریں گے۔ پرواز سے قبل دونوں میں سے ایک خلا نورد کا حتمی انتخاب کیا جائے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ یہ خلائی پرواز پوری قوم کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے اور یہ اڑان پاکستانی نوجوانوں کے خوابوں کو خلا تک لے جائے گی۔
پاکستان کے خلائی و بالائی فضائی تحقیقی کمیشن (سپارکو) کے مطابق شینژو 24 کی لانچنگ مشق شمال مغربی چین کے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں مکمل کی گئی، جہاں عملے کے تینوں ارکان نے پرواز سے قبل تمام ضروری مراحل کامیابی سے انجام دیے۔ سپارکو کے مطابق پاکستان اور چین کی دوستی اب زمین کی حدود سے آگے بڑھ کر خلا کی وسعتوں تک پہنچ رہی ہے۔
چین کے خلائی بازوں کے تحقیقی و تربیتی مرکز کے عہدے دار ژو لو کے مطابق تینوں خلا بازوں نے مشترکہ مشق کے دوران بھرپور عزم کا مظاہرہ کیا اور تمام کارروائیاں درست طریقے سے مکمل کیں۔ شینژو 24 خلائی جہاز اور 2 ایف راکٹ کو حتمی تیاریوں کے لیے 17 نومبر کو لانچنگ کے مقام پر منتقل کیا گیا تھا، تاہم مشن کی روانگی کی حتمی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔
پاکستان نے اس مشن کے لیے دو پائلٹس محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔ ان میں سے ایک بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن جائے گا، جبکہ دوسرا متبادل خلا باز کے طور پر تیار رہے گا۔ منتخب پاکستانی خلا باز تیانگونگ خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والا پہلا غیر ملکی شہری ہوگا۔ وہ وہاں تقریباً ایک ہفتہ قیام کے دوران سائنسی تجربات کرے گا اور بعد ازاں شینژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئے گا۔
پس منظر کے مطابق پاکستان اور چین نے فروری 2025 میں پاکستانی خلا بازوں کی تربیت کے لیے معاہدہ کیا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک کا خلائی تعاون سیٹلائٹس کی روانگی سے آگے بڑھ کر انسانی خلائی پرواز تک پہنچ گیا ہے۔ اس تعاون کے تحت چین پاکستانی سیٹلائٹس خلا میں بھیج چکا ہے، جبکہ 2028 کے لگ بھگ چینی چانگ ای 8 مشن کے ذریعے پاکستان میں تیار کردہ روور (چاند پر چلنے والی گاڑی) بھی چاند پر بھیجنے کا منصوبہ ہے۔
چین نے 2022 میں اپنا تیانگونگ خلائی اسٹیشن مکمل کیا تھا اور اب اپنے خلائی پروگرام میں بین الاقوامی شرکت بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ بیجنگ نے 2030 تک اپنے خلا بازوں کو چاند پر اتارنے کا ہدف بھی مقرر کر رکھا ہے۔