ٹرمپ کی کم جونگ اُن سے ملاقات کی تازہ کوشش ناکام، خط کھولے بغیر واپس کر دیا گیا: امریکی اخبار

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے ملاقات کی تازہ کوشش ناکام ہو گئی ہے۔ امریکی اخبار ’وال اسٹریٹ جرنل‘ کی رپورٹ کے مطابق کِم جونگ اُن نے صدر ٹرمپ کی فون کالز کا کوئی جواب نہیں دیا اور ان کا خط بھی کھولے بغیر واپس کر دیا ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق دورۂ ایشیا کے دوران دونوں فریقین نے آخری لمحات میں ملاقات کے امکان پر غور کیا تھا، تاہم شمالی کوریا کے رہنما کی جانب سے رکھی جانے والی شرائط امریکا کے لیے قابل قبول نہیں تھیں جس کے باعث یہ پیش رفت ممکن نہ ہو سکی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کِم جونگ اُن چاہتے ہیں کہ امریکا شمالی کوریا کو ایک جوہری طاقت کے طور پر تسلیم کرے، جو واشنگٹن کے لیے ایک بڑا رکاوٹی نکتہ بنا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان تین بار ملاقاتیں ہو چکی ہیں، جن میں جزیرہ نما کوریا سے جوہری ہتھیاروں کا خاتمہ مذاکرات کا مرکزی نکتہ رہا تھا۔

ملاقات کی اس تازہ کوشش کی ناکامی اور شمالی کوریا کی جانب سے جوہری طاقت تسلیم کیے جانے کے مطالبے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان براہ راست سفارتی رابطوں کی بحالی فی الحال تعطل کا شکار نظر آ رہی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles