دشوار گزار پہاڑوں کے درخت میں 5 روز سے پھنسا نوجوان بچا لیا گیا


خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں پانچ روز سے دشوار گزار پہاڑوں میں پھنسے 24 سالہ نوجوان کو پولیس نے طویل سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے بعد زندہ بچا لیا۔
مویشی چراتے ہوئے پہاڑ سے پھسلنے والا نوجوان گہری کھائی میں گرنے کے بجائے درخت میں اٹک گیا تھا، جہاں وہ پانچ روز تک مدد کا منتظر رہا۔
تفصیلات کے مطابق ہری پور کے علاقے رانی واہ کا رہائشی 24 سالہ ساجد ولد مسکین پانچ روز قبل مویشی چرانے کے لیے گھر سے نکلا تھا۔
اس دوران پہاڑ کی چوٹی سے پاؤں پھسلنے کے باعث وہ ایک درخت میں پھنس گیا اور دشوار گزار پہاڑی علاقے میں محصور ہو کر رہ گیا۔
مقامی حکام کے مطابق گزشتہ روز پہاڑ کی جانب سے مدد کے لیے پکارنے کی آوازیں سنائی دینے پر مقامی افراد کو نوجوان کی موجودگی کا علم ہوا، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیموں نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا اور انتہائی مشکل راستوں سے گزرتے ہوئے مسلسل 13 گھنٹوں کی کوششوں کے بعد ساجد تک رسائی حاصل کرکے اسے بحفاظت نکال لیا۔
ریسکیو کے دوران نوجوان زخمی حالت میں پایا گیا، جسے فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی نگرانی میں اس کا علاج جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دشوار گزار پہاڑی علاقے کے باوجود بروقت اطلاع اور مسلسل کوششوں کے نتیجے میں نوجوان کی جان بچانے میں کامیابی حاصل ہوئی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles