
غزہ میں جنگ بندی برقرار رہنے کے امکانات کو خطرات لاحق ہوگئے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سربراہی میں قائم امن بورڈ کی رپورٹ میں اسرائیل اور حماس کو جنگ بندی سے متعلق وعدے پورے نہ کرنے کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امن بورڈ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل اور حماس دونوں فریق جنگ بندی معاہدے کے تحت کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد میں ناکام رہے ہیں، جس کے باعث غزہ کے شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
رپورٹ میں معاہدے میں طے شدہ شرائط اور غزہ کی زمینی صورتِ حال کے درمیان فرق کو جنگ بندی کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنگ بندی کے باوجود شہریوں کو درپیش مشکلات اور معاہدے پر مکمل عمل درآمد نہ ہونا صورتحال کو مزید غیر یقینی بنا رہا ہے۔
رائٹرز کے مطابق جنگ بندی کے نفاذ کے 13 ماہ بعد تیار کی گئی یہ رپورٹ نومبر کے آخر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ اگر جنگ بندی معاہدے پر مؤثر طریقے سے عمل درآمد نہ ہوا تو غزہ میں جنگ بندی برقرار رکھنا مشکل ہو سکتا ہے، جس سے خطے میں ایک بار پھر کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ہے۔