خفیہ ایجنسی کے جعلی خط پر سوات میں گارڈ کو انچارج بنا دیا گیا

خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے سیدو شریف اسپتال میں خفیہ ایجنسی کے نام سے جعلی خط تیار کرکے سیکیورٹی اہلکار کو انچارج تعینات کرانے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے جعل سازی میں ملوث اسپتال کے دو سیکیورٹی گارڈز کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ایک نامعلوم شخص اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کے دفتر میں تعینات ملازم کو ایک لفافہ دے کر گیا، جس میں موجود خط کو ایک حساس خفیہ ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ ظاہر کیا گیا تھا۔

خط میں ہدایت کی گئی تھی کہ سعید علی نامی سیکیورٹی اہلکار کو اسپتال میں سیکیورٹی انچارج تعینات کیا جائے۔ خط کو سرکاری اور خفیہ ادارے کی جانب سے جاری کردہ سمجھتے ہوئے ایم ایس نے سعید علی کو اس عہدے پر تعینات کردیا۔

تاہم بعد میں خط کی تصدیق اور خفیہ چھان بین کے دوران انکشاف ہوا کہ یہ مکمل طور پر جعلی تھا اور کسی خفیہ ایجنسی نے جاری نہیں کیا تھا۔

تحقیقات میں مبینہ طور پر اسپتال کے دو سیکیورٹی گارڈز سعید علی اور فیاض کے ملوث ہونے کا پتا چلا، جنہوں نے ملی بھگت سے جعلی خط تیار کروایا تھا۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں سیکیورٹی گارڈز کو گرفتار کرلیا، جبکہ واقعے کا مقدمہ سیدو شریف اسپتال کے ایم ایس کی مدعیت میں متعلقہ تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ جعل سازی میں کسی اور بیرونی شخص یا اسپتال کے ملازم کا بھی کردار تھا یا نہیں۔

واقعے کے بعد اسپتال کے انتظامی اور سیکیورٹی نظام پر سوالات اٹھنے لگے ہیں، جبکہ حکام نے ہدایت کی ہے کہ مستقبل میں کسی بھی مشکوک سرکاری یا خفیہ احکامات پر تصدیق کے بغیر عمل درآمد نہ کیا جائے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles