
یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف جاری عسکری مہم کے دوران سعودی حمایت یافتہ سرکاری افواج کو علاقوں سے پیچھے ہٹنے پر مجبور ہونا پڑا ہے، جس کے بعد سعودی عرب نے یمن میں لڑنے والی اتحادی افواج کے کمانڈر کو تبدیل کر دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق، یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب رواں سال موسم گرما میں امریکا اور ایران کے درمیان تنازع کے باعث یمن کی منجمد خانہ جنگی ایک بار پھر بھڑک اٹھی اور حوثی باغیوں نے سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومت کے خلاف تیزی سے پیش قدمی کرتے ہوئے اہم علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لیا۔
سعودی عرب کے سرکاری میڈیا کے مطابق شاہ سلمان کی جانب سے جاری کردہ شاہی فرمان کے تحت سعودی عرب کے زیرِ قیادت اتحاد کے موجودہ کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فہد بن حمد السلمان کو وزارت دفاع میں فوجی امور کا مشیر مقرر کر دیا گیا ہے، جبکہ چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض الرویلی کو مشترکہ افواج کے کمانڈر کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق مغربی سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ عسکری قیادت میں یہ تبدیلی براہ راست یمن کے محاذ پر پیش آنے والی صورتحال اور حوثی باغیوں کی پیش قدمی کا نتیجہ ہے، تاہم اس معاملے پر سعودی حکومت کے میڈیا آفس کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔
یمنی حکومت نے گزشتہ اتوار کو اعلان کیا تھا کہ وہ عالمی بحری گزرگاہ باب المندب کے قریب واقع علاقوں سے اپنی افواج کو پیچھے ہٹا رہی ہے تاکہ جنوبی ساحلی بندرگاہ عدن میں اپنے اہم مرکز کا دفاع مضبوط کیا جا سکے۔
یمنی فوج کے مطابق حوثی باغی عدن سے تقریباً 100 کلومیٹر مغرب میں واقع ساحلی علاقے خور عمیرہ تک پہنچ چکے ہیں اور سرکاری دفاعی لائنوں سے محض 25 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہیں۔
رائٹرز کے مطابق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یمنی حکومت کا اصل مقصد اب عدن اور لحج کے صوبے کا دفاع کرنا ہے، کیونکہ حوثی پیش قدمی نے عدن کے لیے سنگین خطرات پیدا کر دیے ہیں۔
سیاسی و عسکری امور کے تجزیہ کار محمد القاضی کا کہنا ہے کہ یمنی حکومت کو درپیش سب سے بڑا مسئلہ اس کے اندرونی اختلافات اور دھڑے بندی ہے، جس کا حوثی باغی بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
ادھر عدن کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے شہر میں چیک پوسٹیں بڑھا دی ہیں اور شہریوں میں لڑائی قریب آنے کے حوالے سے شدید تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ سرکاری افواج حوثی کے زیر قبضہ علاقے واپس لینے کے لیے نئی صف بندی کر رہی ہیں۔