کراچی: خاتون کی گاڑی سے زخمی ہونے والے بزرگ اسپتال میں دم توڑ گئے


کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں تیز رفتار کار کی ٹکر سے شدید زخمی ہونے والے بزرگ شہری شاہین مرزا 20 روز تک اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ گئے۔ حادثے میں ملوث خاتون ڈاکٹر کے خلاف جاں بحق شہری کے اہل خانہ کی مدعیت میں قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
یہ حادثہ 27 اکتوبر کو ملینیم مال کے قریب پیش آیا تھا، جہاں ڈاکٹر عائشہ شاہد کی تیز رفتار کار نے سڑک عبور کرنے والے بزرگ شہری شاہین مرزا کو ٹکر مار دی تھی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے، جبکہ بے قابو کار ایک رکشے سے بھی جا ٹکرائی تھی۔
حادثے کے فوری بعد موقع پر موجود شہریوں اور خاتون ڈرائیور کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی ہوئی تھی، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔
واقعے کے بعد خاتون مبینہ طور پر جوہر چورنگی کے قریب بھی گاڑی سڑک کے درمیان روک کر ہنگامہ آرائی کرتی رہیں، جہاں ٹریفک پولیس اہلکاروں اور راہگیروں نے انہیں سڑک سے ہٹا کر روانہ کیا تھا۔

حادثے میں زخمی ہونے والے شاہین مرزا کو فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ 20 روز تک زیر علاج رہے، تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
جاں بحق شہری کے اہل خانہ نے واقعے پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کے مبینہ سست روی پر بھی تشویش ظاہر کی ہے۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ اب تک خاتون ڈرائیور کو گرفتار نہیں کیا گیا، جس کے باعث انہیں شدید بے چینی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ خاندان کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles