
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی جانب آنے والے تین ڈرونز فضا میں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، دوسری جانب یمنی حوثیوں نے مکہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تردید کردی ہے۔
سعودی فوجی اتحاد کے مطابق مکہ مکرمہ کی جانب آنے والے دو اور مدینہ منورہ کی طرف بڑھنے والے ایک ڈرون کو فضائی حدود میں ہی مار گرایا گیا۔
حوثیوں نے مکہ مکرمہ کی جانب ڈرون حملوں کی کوشش کی تردید کی ہے، تاہم مدینہ منورہ کی طرف ڈرون بھیجے جانے کی خبر پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
دوسری جانب یمنی حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے سعودی دارالحکومت ریاض میں شاہ خالد ایئرپورٹ اور مالیاتی مرکز کو نشانہ بنایا ہے۔
حوثیوں کے ان دعوؤں اور سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے ڈرونز مار گرانے کی تفصیلات کے حوالے سے مزید معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔