بھارتی چینل نے کشمیری سیاسی رہنما کی تصویر مبینہ دہشت گرد سے جوڑ دی

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی میڈیا کی ایک اور متنازع خبر سامنے آگئی، نیوز 18 نے ایک کشمیری سیاسی رہنما کی تصویر مبینہ دہشت گرد سے جوڑ دی، جس پر متاثرہ رہنما نے چینل سے غیر مشروط معافی مانگنے اور قانونی کارروائی کا اعلان کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق بھارتی نیوز چینل نیوز 18 نے جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے رہنما لطیف احمد بھٹ کی تصویر کولگام فائرنگ کے واقعے سے متعلق خبر میں مبینہ دہشت گرد کے طور پر نشر کی۔

لطیف احمد بھٹ نیشنل کانفرنس کے یوتھ جوائنٹ سیکریٹری ہیں اور ان کا تعلق مقبوضہ کشمیر کے علاقے بانڈی پورہ سے ہے۔ وہ کاروباری شخصیت اور دو بچوں کے والد بھی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اپنی تصویر کو دہشت گرد کے طور پر نشر کیے جانے پر لطیف احمد بھٹ نے چینل سے غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا اور قانونی کارروائی کا اعلان کیا۔ ان کے اعلان کے بعد چینل نے اپنی ویب سائٹ سے متعلقہ خبر ہٹا دی۔

کے ایم ایس کے مطابق اس واقعے پر بھارتی میڈیا کو ایک بار پھر تنقید کا سامنا ہے۔ رپورٹ میں بھارتی میڈیا کی جانب سے ماضی میں نشر کی جانے والی متنازع خبروں اور غلط دعوؤں کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی خبروں پر ماضی میں بھی سوالات

کے ایم ایس کے مطابق امریکی سفیر سرجیو گور نے بھی اگست میں بھارتی میڈیا کی سنسنی خیزی پر تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ بھارتی ٹی وی چینلز پر خبر اور تجزیے کے درمیان فرق ختم ہوچکا ہے۔

رپورٹ میں ستمبر کے ایک واقعے کا حوالہ بھی دیا گیا ہے، جب بھارتی فوج نے سابق پاکستانی کمانڈو محمد آصف عرف ہاشم موسیٰ کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم یکم اکتوبر کو ڈی جی آئی ایس پی آر نے محمد آصف کو میڈیا کے سامنے پیش کردیا تھا۔

کے ایم ایس کے مطابق آپریشن سندور کے دوران بھی بھارتی میڈیا کے متعدد چینلز نے پرانی ویڈیوز اور ویڈیو گیمز کے مناظر کو حقیقی واقعات کے طور پر نشر کیا، جن کے دعوؤں کو عالمی میڈیا اور فیکٹ چیک کرنے والے اداروں نے مسترد کردیا تھا۔

رپورٹ میں قاری محمد اقبال کا معاملہ بھی شامل ہے، جنہیں بھارتی میڈیا نے خطرناک کمانڈر قرار دیتے ہوئے مئی 2025 میں ان کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا۔ تاہم بی بی سی نے 26 مئی کو ان کی شناخت واضح کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ پونچھ کے ایک مدرسے میں استاد تھے۔

کے ایم ایس کے مطابق مئی 2025 سے بھارتی میڈیا کی متعدد خبروں اور دعوؤں کی صداقت پر سوالات اٹھتے رہے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles