
مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کے جدید ٹولز اب محض ایک تجرباتی ٹیکنالوجی نہیں رہے بلکہ نوجوان نسل، بالخصوص جین زی کے لیے بجلی اور انٹرنیٹ کے بلوں کی طرح ایک لازمی ماہانہ خرچ کی صورت اختیار کر چکے ہیں۔
عالمی مالیاتی ادارے بینک آف امریکا انسٹی ٹیوٹ کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق جولائی 2026 میں جین زی کے سبسکرپشن اخراجات میں سالانہ بنیادوں پر تقریباً 14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس میں معلومات اور اے آئی سے متعلق خدمات کی خریداری سب سے تیزی سے بڑھتا ہوا شعبہ رہا اور اس مد میں نوجوانوں کے اخراجات میں 61 فیصد تک اضافہ دیکھا گیا۔
فلپائن کے شہر دوماگیتی سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ کائل لارگو کی مثال اس بدلتے ہوئے رجحان کی واضح عکاسی کرتی ہے۔
لارگو ایک اسٹوڈیو چلاتے ہیں جہاں وہ امریکی ہیلتھ برانڈز کے لیے مصنوعی ذہانت کی مدد سے ویڈیو اشتہارات تیار کرتے ہیں۔
انہوں نے دو سال قبل اپنی کام کی رفتار بڑھانے کے لیے چیٹ جی پی ٹی کا استعمال شروع کیا تھا، تاہم اب وہ اے آئی ٹولز کے بغیر اپنی پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگی کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔
لارگو کلاڈ، چیٹ جی پی ٹی، ایلیون لیبز اور گروک کی ماہانہ سبسکرپشنز پر 248 ڈالر خرچ کرتے ہیں، جبکہ جیمینائی کے لیے سالانہ تقریباً 100 ڈالر ادا کرتے ہیں۔
کائل لارگو کا کہنا ہے کہ وہ اس خرچ کو بوجھ کے بجائے ایک منافع بخش سرمایہ کاری سمجھتے ہیں، کیونکہ اس ٹیکنالوجی نے انہیں ایک پائیدار آمدنی کا ذریعہ فراہم کیا ہے اور اب وہ ایک سے دو گھنٹے میں بننے والی مختصر ویڈیوز انتہائی کم وقت میں تیار کر لیتے ہیں۔
کائل لارگو کا کہنا ہے کہ ان کے پاس اب بھی اپنی وہ پیشہ ورانہ مہارتیں موجود ہیں جن پر انہیں فخر ہے، لیکن اے آئی نے انہیں کہیں زیادہ مؤثر بنا دیا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ اس کی بدولت وہ مالی طور پر زیادہ سمجھدار ہو گئے ہیں۔
پیشہ ورانہ کام کے علاوہ لارگو اپنے بجٹ بنانے، سفر کی منصوبہ بندی، لباس کے انتخاب، ورزش اور حتیٰ کہ ذہنی مشاورت کے لیے بھی انہی ٹولز پر انحصار کرتے ہیں۔
کائل کے بقول اگر انہیں اپنے اخراجات میں کٹوتی کرنا پڑی تو وہ نیٹ فلکس یا اسپاٹی فائی جیسی تفریحی سبسکرپشنز ختم کر دیں گے، لیکن اے آئی کے اخراجات برقرار رکھیں گے۔
دوسری جانب مالیاتی ماہرین نے نوجوانوں کو اے آئی سبسکرپشنز پر بے دریغ خرچ کرنے کے حوالے سے محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
امریکی ریاست نیو جرسی میں قائم ای ایل اے فنانشل گروپ کے پارٹنر ریان مارشل کا کہنا ہے کہ اگرچہ اے آئی سافٹ ویئر ایک اچھی سرمایہ کاری ثابت ہو سکتے ہیں، لیکن مالیاتی دانشمندی کا تقاضا ہے کہ پہلے مفت دستیاب آپشنز سے فائدہ اٹھایا جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر کوئی فرد محض ذاتی مدد کے لیے ماہانہ 20 ڈالر سے زیادہ اے آئی سبسکرپشن پر خرچ کر رہا ہے تو یہ غالباً ضرورت سے زیادہ خرچ ہے۔
مالیاتی ماہرین کے مطابق کائل لارگو جیسے کاروباری افراد جو روزگار کے لیے اے آئی پر انحصار کرتے ہیں، ان کے لیے ان ٹولز کی ادائیگی معاشی طور پر سودمند ہو سکتی ہے کیونکہ اس سے وہ نیا عملہ بھرتی کرنے سے پہلے ہی اپنی پیداواری صلاحیت بڑھا سکتے ہیں۔
تاہم ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ صارفین کو اپنے ماہانہ سبسکرپشن اخراجات کا باقاعدگی سے جائزہ لینا چاہیے اور اس امر کو یقینی بنانا چاہیے کہ کسی بھی نئے اے آئی ٹول کی خریداری سے قبل ہنگامی بچت، ریٹائرمنٹ اور دیگر بنیادی مالیاتی ترجیحات متاثر نہ ہوں۔