کم بجٹ کے 5 بہترین اسمارٹ فونز؛ قیمت کیا ہے؟

پاکستان کی اسمارٹ فون مارکیٹ میں تقریباً 30 ہزار روپے کے بجٹ میں نئے فون خریدنے کے خواہشمند صارفین کے لیے اس وقت پانچ نمایاں ماڈلز دستیاب ہیں۔

ان میں اسمارٹ فونز میں آئی ٹیل سٹی 200، شیاؤمی ریڈمی اے 7 پرو، ٹیکنو اسپارک گو 3، آئی ٹیل اے 200 پلس اور شیاؤمی ریڈمی اے 5 شامل ہیں۔

یہ تمام فونز آفیشل وارنٹی کے ساتھ مارکیٹ میں موجود ہیں اور ان کی قیمتیں 29,995 روپے سے 34,995 روپے کے درمیان ہیں، جو بجٹ صارفین کو کیمرہ، بڑی اسکرین اور پائیدار بیٹری جیسے مختلف فیچرز کے انتخاب کا موقع فراہم کرتی ہیں۔

آئی ٹیل سٹی 200

اس فہرست میں 34,995 روپے کی قیمت کے ساتھ آئی ٹیل سٹی 200 کو مجموعی کارکردگی کے لحاظ سے سرفہرست قرار دیا گیا ہے۔

4 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج کا حامل یہ فون اسی قیمت میں شیاؤمی اور ٹیکنو کے مقابلے میں دگنی اسٹوریج فراہم کرتا ہے۔

اس میں 50 میگا پکسل کا مرکزی کیمرہ اور 8 میگا پکسل کا سیلفی کیمرہ دیا گیا ہے، جبکہ 6.78 انچ کی 120 ہرٹز آئی پی ایس ایل سی ڈی اسکرین 700 نٹس تک روشنی فراہم کرتی ہے۔

یہ اس فہرست کا واحد فون ہے جو دھول اور پانی کے چھینٹوں سے بچاؤ کے معیار آئی پی 65 اور گرنے سے تحفظ کے فوجی معیار ایم آئی ایل ایس ٹی ڈی 810 ایچ دونوں کے ساتھ آتا ہے۔

7.5 ملی میٹر موٹائی کے ساتھ یہ سب سے پتلا فون ہے جو ہلکے گو ایڈیشن کے بجائے مکمل اینڈرائیڈ 15 پر چلتا ہے، جبکہ اس میں 18 واٹ چارجنگ کے ساتھ 5,200 ایم اے ایچ کی بیٹری اور یونی سوک ٹی 7250 پروسیسر نصب ہے۔

شیاؤمی ریڈمی اے 7 پرو

دوسرے نمبر پر 34,495 روپے کی قیمت والا شیاؤمی ریڈمی اے 7 پرو آتا ہے، جو اس فہرست کی سب سے بڑی اور روشن اسکرین کا حامل ہے۔

جون 2026 میں متعارف کرائے گئے اس جدید ماڈل میں 6.9 انچ کا 120 ہرٹز ڈسپلے ہے جو دھوپ میں 800 نٹس تک روشن ہو جاتا ہے، جبکہ 6,000 ایم اے ایچ کی بڑی بیٹری 15 واٹ چارجنگ کو سپورٹ کرتی ہے۔

4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والے اس فون میں مکمل ہائپر او ایس 3 دیا گیا ہے جس میں گوگل جیمینائی اور سرکل ٹو سرچ جیسے جدید فیچرز شامل ہیں۔

تاہم اسٹوریج، 13 میگا پکسل کیمرے اور باضابطہ آئی پی ریٹنگ نہ ہونے کے باعث یہ آئی ٹیل سٹی 200 سے پیچھے رہ جاتا ہے، اور واضح رہے کہ پاکستان میں اس کا 4 جی ماڈل فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

ٹیکنو اسپارک گو 3

تیسرے نمبر پر 34,995 روپے کا ٹیکنو اسپارک گو 3 اپنی مضبوط ساخت کے باعث ایک متوازن انتخاب سمجھا جا رہا ہے۔

4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج کے ساتھ اس میں 6.74 انچ کی 120 ہرٹز اسکرین، 13 میگا پکسل کا مرکزی کیمرہ اور 5,000 ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہے، جو اس فہرست میں سب سے چھوٹی بیٹری ہے۔

یہ فون مکمل اینڈرائیڈ 15 پر چلتا ہے اور آئی پی 64 تحفظ کے ساتھ 1.2 میٹر کی بلندی سے گرنے کی مزاحمت رکھتا ہے، جبکہ صارفین کی سہولت کے لیے اس میں ہیڈ فون جیک، ایف ایم ریڈیو، ڈوئل بینڈ وائی فائی اور میموری کارڈ کے لیے الگ سلاٹ بھی موجود ہے۔

آئی ٹیل اے 200 پلس

قیمت کے اعتبار سے آئی ٹیل اے 200 پلس اس فہرست کا سب سے سستا اور 30 ہزار روپے سے کم قیمت والا واحد فون ہے، جس کے 128 جی بی اسٹوریج ماڈل کی قیمت 29,995 روپے ہے۔

اس میں 6,000 ایم اے ایچ کی بڑی بیٹری، 18 واٹ چارجنگ، 6.75 انچ کی 120 ہرٹز اسکرین، 13 میگا پکسل کیمرہ اور آئی پی 65 تحفظ کے ساتھ 1.8 میٹر تک گرنے سے بچاؤ کی صلاحیت موجود ہے۔

تاہم 3 جی بی فزیکل ریم اور ہلکے اینڈرائیڈ 15 گو ایڈیشن کے باعث بھاری ایپس اور ملٹی ٹاسکنگ کے دوران اس کی رفتار قدرے سست محسوس ہو سکتی ہے، جس کی وجہ سے یہ چوتھے نمبر پر رکھا گیا ہے۔

البتہ کم قیمت میں دگنی اسٹوریج اور بڑی بیٹری اسے ریڈمی اے 5 پر برتری دیتی ہے۔

شیاؤمی ریڈمی اے 5

اس فہرست میں آخری نمبر پر شیاؤمی ریڈمی اے 5 ہے جس کی قیمت 33,995 روپے مقرر ہے۔

4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والے اس فون میں آئی ٹیل سٹی 200 کے بعد دوسرا بہترین 32 میگا پکسل کا مرکزی کیمرہ دیا گیا ہے، جبکہ اس میں 6.88 انچ کی 120 ہرٹز اسکرین، 5,200 ایم اے ایچ بیٹری اور میموری کارڈ کے لیے علیحدہ سلاٹ شامل ہے۔

سنہ 2025 میں لانچ ہونے اور اینڈرائیڈ 15 گو ایڈیشن پر چلنے کی وجہ سے یہ اس فہرست کا سب سے پرانا ماڈل ہے، کیونکہ محض 500 روپے مزید خرچ کر کے صارفین نیا ریڈمی اے 7 پرو حاصل کر سکتے ہیں جس میں بہتر سافٹ ویئر، بڑی اسکرین اور زیادہ طاقتور بیٹری دستیاب ہے۔

تو کونسا فون لینا چاہیے؟

مارکیٹ تجزیے کے مطابق خریداری کا حتمی فیصلہ صارف کی ترجیحات اور بجٹ پر منحصر ہے۔

اگر بجٹ تقریباً 35 ہزار روپے تک ہے تو 50 میگا پکسل کیمرے، 128 جی بی اسٹوریج اور مضبوط پائیداری کے باعث آئی ٹیل سٹی 200 سب سے موزوں انتخاب ثابت ہوتا ہے، جبکہ بڑی اسکرین اور جدید سافٹ ویئر کے خواہشمند افراد ریڈمی اے 7 پرو کو ترجیح دے سکتے ہیں۔

اسی طرح مضبوط باڈی اور ایف ایم ریڈیو جیسے فیچرز کے لیے ٹیکنو اسپارک گو 3 بہتر ہے، اور جو صارفین 30 ہزار روپے سے کم بجٹ میں بڑی بیٹری اور زیادہ اسٹوریج چاہتے ہیں ان کے لیے آئی ٹیل اے 200 پلس ایک پرکشش متبادل ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles