مشرق وسطیٰ میں کشیدگی عروج پر، تیسرا امریکی طیارہ بردار بحری جہاز بھی پہنچ گیا

مشرق وسطیٰ میں امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کرگئی ہے، امریکا کا تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ بھی خطے میں پہنچ گیا، جبکہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے معاشی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے لیے نئے حملوں کی منصوبہ بندی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

گلف نیوز کے مطابق خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران امریکا نے اپنی فوجی موجودگی مزید بڑھا دی ہے۔ امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ کی آمد کو خطے میں امریکی فوجی تیاریوں میں اضافے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ایران نے خبردار کیا ہے کہ وہ امریکا کے حملے کا انتظار نہیں کرے گا بلکہ کسی بھی ممکنہ کارروائی سے پہلے خود بھی جواب دے سکتا ہے۔ تہران کے اس بیان کے بعد خطے میں براہ راست فوجی تصادم کا خدشہ مزید بڑھ گیا ہے۔

ادھر بحرین میں امریکی سفارت خانے نے ایران اور یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے ممکنہ خطرات کے پیش نظر سیکیورٹی الرٹ جاری کردیا ہے۔ بحرین کے حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی جانب آنے والے ایرانی حملوں کو روک لیا گیا ہے۔

خلیجی ممالک بھی خطے کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات نے بحرین کو نشانہ بنانے والے ایران کے نئے ڈرون حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔

اسی دوران سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے ریاض کی طرف داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو راستے میں ہی روک لیا گیا۔

دوسری جانب ایران نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ساتھ تعاون کے حوالے سے بھی سخت مؤقف اختیار کیا ہے۔ تہران کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں ایجنسی کے ساتھ تعاون میں بہتری کی توقع نہیں کی جا سکتی۔

مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی فوجی سرگرمیوں، میزائل اور ڈرون حملوں کے خدشات اور سخت بیانات کے باعث خطے کی صورت حال مسلسل کشیدہ ہوتی جا رہی ہے، جبکہ امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ نئے تصادم کے خدشات بھی بڑھ رہے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles