13 سالہ طالب علم کا کمال، 200 سے زائد ایپس بنا ڈالیں

مصنوعی ذہانت نے بچوں کے سیکھنے اور نئی چیزیں تخلیق کرنے کے انداز کو بدلنا شروع کر دیا ہے، چین میں ایک 13 سالہ طالب علم نے اے آئی کی مدد سے 200 سے زائد ایپلی کیشنز تیار کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔ یہ کامیابی چین کے اس بڑے تعلیمی منصوبے کی ایک جھلک ہے جس کے تحت 2030 تک ہر بچے کو مصنوعی ذہانت کی تعلیم دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بیجنگ کے ایک نجی اسکول میں 13 سالہ طالب علم پینگ گاؤدی مصنوعی ذہانت کی مدد سے 200 سے زیادہ ایپلی کیشنز بنا چکا ہے۔ ان میں ہوم ورک جمع کرانے کا پلیٹ فارم اور استعمال شدہ اشیا کی خرید و فروخت کے لیے آن لائن مارکیٹ پلیس بھی شامل ہیں۔ وہ اپنے منصوبے سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کرتا ہے اور مستقبل میں کمپیوٹر سائنس دان بننا چاہتا ہے۔

اس کے اسکول میں دوسرے طلبہ روبوٹس کو فٹ بال کھیلنے کی تربیت دے رہے ہیں، کوڈنگ سیکھ رہے ہیں اور فلائٹ سمیولیٹر استعمال کر رہے ہیں۔ پینگ کے مطابق اے آئی کی مدد سے اب وہ گھر میں پیش آنے والے مسائل کا حل خود تلاش کر سکتا ہے، جس سے اس کی سیکھنے کی صلاحیت بہتر ہوئی ہے۔

20 کروڑ طلبہ کو اے آئی سکھانے کی تیاری

چین کی یہ کوشش صرف مہنگے نجی اسکولوں تک محدود نہیں۔ ملک میں پرائمری اور سیکنڈری سطح پر تقریباً 20 کروڑ طلبہ زیر تعلیم ہیں اور حکومت مصنوعی ذہانت کی تعلیم ان سب تک پہنچانا چاہتی ہے۔

حکومتی منصوبے کے تحت چھوٹی جماعتوں کے بچوں کو اے آئی کے بنیادی تصورات سمجھائے جائیں گے، جبکہ بڑی جماعتوں کے طلبہ کو جدید ٹولز استعمال کرنے، پیچیدہ مسائل حل کرنے اور اپنی تخلیقی صلاحیتیں بروئے کار لانے کی تربیت دی جائے گی۔

چینی صدر شی جن پنگ بھی اے آئی کی تعلیم کو تعلیمی اصلاحات کا اہم حصہ قرار دے چکے ہیں۔ چین اس ٹیکنالوجی کو مستقبل کی معیشت اور امریکا کے ساتھ عالمی ٹیکنالوجی کی مسابقت میں اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کے لیے اہم سمجھتا ہے۔

اسکولوں میں اے آئی کے نئے تجربات

رائٹرز کے مطابق چین کے تقریباً نصف صوبوں اور بڑے شہروں نے اسکولوں میں اے آئی کی تعلیم متعارف کرانے کے لیے باقاعدہ منصوبے جاری کیے ہیں۔ شنگھائی میں ہر جماعت کے طالبِ علم کے لیے سالانہ کم از کم 30 گھنٹے اے آئی کی تعلیم لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ بیجنگ میں 100 ایسے اسکول قائم کرنے کا منصوبہ ہے جہاں اے آئی کے نئے طریقوں کو آزمایا جائے گا۔

بعض علاقوں میں اے آئی کا استعمال پڑھائی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ صوبہ گوئیژو میں چہرے کی شناخت اور طلبہ کے رویوں کا تجزیہ کرنے والے نظام متعارف کرائے جا رہے ہیں، جبکہ شنگھائی میں طلبہ کی جسمانی اور ذہنی صحت کی نگرانی کے لیے بھی یہ ٹیکنالوجی استعمال ہو رہی ہے۔ صوبہ یوننان میں 14 ہزار کلاس رومز کے اسباق ریکارڈ کرکے اے آئی سے ان کا تجزیہ کرنے کا منصوبہ ہے۔

چین کے دیہی علاقوں میں مصنوعی ذہانت کو اساتذہ کی کمی پوری کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ صوبہ انہوئی کے ایک ہائی اسکول میں تقریباً 4 ہزار طلبہ ٹیبلٹس کے ذریعے اے آئی سے تیار کردہ اسباق پڑھتے ہیں۔ مشکل سوالات پر اے آئی انہیں براہ راست جواب دینے کے بجائے مزید سوالات کے ذریعے خود حل تلاش کرنے میں مدد دیتی ہے۔

اسکول کے سربراہ یانگ تیان لیانگ کے مطابق اس طریقے سے طلبہ کو اپنی رفتار کے مطابق سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ اس طریقہ تعلیم سے یونیورسٹیوں میں داخلے کی شرح 60 فیصد سے کم بڑھ کر 90 فیصد ہو گئی ہے، تاہم رائٹرز اس دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں کر سکا۔

اے آئی کی تعلیم کے لیے بھاری سرمایہ کاری

چین نے اے آئی کی تعلیم کے لیے بھاری سرمایہ کاری بھی شروع کر رکھی ہے۔ رائٹرز کے مطابق 100 سے زیادہ سرکاری دستاویزات کے جائزے سے معلوم ہوا کہ گزشتہ ایک سال میں کلاس رومز کے لیے اے آئی آلات، اساتذہ کی تربیت اور تعلیمی پلیٹ فارمز پر کم از کم 3 کروڑ 10 لاکھ ڈالر خرچ کرنے کے منصوبے سامنے آئے۔ مشاورتی ادارے آئی ریسرچ کے مطابق 2025 میں چین میں تعلیمی شعبے کو ڈیجیٹل بنانے پر تقریباً 83 ارب ڈالر خرچ کیے گئے۔

چین کا مقصد نئی نسل کو اے آئی کے استعمال میں مہارت دینا ہے، لیکن اس بڑے تعلیمی تجربے کا ایک اہم سوال یہ بھی ہے کہ ٹیکنالوجی سے مدد لیتے ہوئے بچوں کی اپنی سوچنے، سمجھنے اور تخلیقی صلاحیتوں کو کیسے برقرار رکھا جائے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles