ایران میں سردیوں سے پہلے گیس اور پیٹرول کی قلت

ایران میں موسمِ سرما کی آمد سے پہلے گیس اور بجلی کی فراہمی کے حوالے سے مشکلات بڑھنے لگی ہیں، جبکہ پیٹرول کی تقسیم پر بھی نئی پابندیوں کی تیاری کی جا رہی ہے۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے دوران گیس صاف کرنے کے مراکز کو پہنچنے والے نقصان کے باعث رواں موسمِ سرما میں بجلی گھروں کو ایندھن فراہم کرنا گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ مشکل ہوگا۔

العربیہ کے مطابق ایرانی وزارتِ توانائی نے گیس کی قلت میں اضافے اور بجلی گھروں کو ایندھن کی فراہمی میں مشکلات سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو رواں موسمِ سرما میں توانائی کے شدید بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق بجلی اور توانائی کے امور کے نائب وزیر مصطفیٰ رجبی مشہدی نے بتایا کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے باعث ایران کی روزانہ 13 کروڑ مکعب میٹر گیس صاف کرنے کی صلاحیت متاثر ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس صورت حال میں رواں موسمِ سرما کے دوران بجلی گھروں کو ایندھن فراہم کرنا گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ مشکل ہوگا۔

مصطفیٰ رجبی مشہدی نے تقریباً 40 کروڑ مکعب میٹر گیس کی کمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کھپت محدود کرکے اس خسارے کے ایک حصے کو پورا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بالخصوص تجارتی شعبوں میں گیس کے استعمال کو محدود کیا جا رہا ہے تاکہ صنعتوں اور پیداواری اداروں کو بجلی کی فراہمی میں تعطل کم سے کم رکھا جا سکے۔

انہوں نے بجلی گھروں میں فرنس آئل کے استعمال کا سلسلہ جاری رکھنے کی بھی تصدیق کی، تاہم واضح کیا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس ایندھن کی کھپت میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ فرنس آئل جلانے سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے کیونکہ اس میں سلفر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ اس کے استعمال سے سلفر ڈائی آکسائیڈ اور آلودہ ذرات خارج ہوتے ہیں جو سانس اور دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں۔

اسی ماحولیاتی آلودگی کے پیشِ نظر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے نومبر 2024 میں تین بجلی گھروں میں فرنس آئل کا استعمال روکنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔

ایران میں موسمِ سرما کے دوران گیس کی ممکنہ قلت کے حوالے سے خدشات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ حکومتی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے 11 نومبر کو بتایا تھا کہ ملک میں گیس کی متوقع کمی تقریباً 43 کروڑ مکعب میٹر یومیہ تک پہنچ سکتی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا تھا کہ اگر گیس کی کھپت میں اضافہ جاری رہا تو دارالحکومت تہران سمیت مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی منقطع ہونے کا خدشہ ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایران کے 31 میں سے 11 صوبوں، بالخصوص شمالی علاقوں کو موسمِ سرما میں گیس کی فراہمی یقینی بنانے میں شدید مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

ایرانی حکام کے بیانات کے مطابق امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے دوران گیس صاف کرنے والے چار مراکز کو نقصان پہنچا تھا، جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر روزانہ 23 کروڑ مکعب میٹر گیس صاف کرنے کی صلاحیت متاثر ہوئی تھی۔ بعد ازاں اس میں سے تقریباً 10 کروڑ مکعب میٹر کی صلاحیت بحال کر لی گئی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles