
برازیل کے سابق عالمی چیمپئن فٹبالر رونالڈینو نے 46 سال کی عمر میں 11 برس بعد فٹبال کے میدان میں واپسی کرتے ہوئے شائقین کو حیران کردیا۔
اٹلی میں کھیلے گئے میچ میں انہوں نے راوینا کی نمائندگی کرتے ہوئے فورلی کے خلاف پہلا ہاف کھیلا اور اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
برازیل کو 2002 میں فٹبال کا عالمی چیمپئن بنوانے والے رونالڈینو نے اتوار کو اٹلی میں راوینا کی جانب سے میدان میں اتر کر فٹبال کی دنیا میں واپسی کی۔ انہوں نے فورلی کے خلاف میچ میں اپنی روایتی 10 نمبر کی جرسی پہنی اور پورا پہلا ہاف کھیلا۔
رونالڈینو نے میچ کے 36ویں منٹ میں اپنی ٹیم کے پہلے گول میں اہم کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں راوینا نے فورلی کو 0-2 سے شکست دے دی۔
میچ کے پہلے ہاف کے اختتام پر رونالڈینو نے میدان کا چکر لگایا اور وہاں موجود شائقین کی جانب سے کھڑے ہوکر تالیوں کی گونج میں دی گئی پذیرائی کا ہاتھ ہلا کر جواب دیا۔
واضح رہے کہ رونالڈینو نے آخری مرتبہ ستمبر 2015 میں کسی پیشہ ورانہ فٹبال میچ میں حصہ لیا تھا، جبکہ انہوں نے 2018 میں باضابطہ طور پر فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
رونالڈینو کا شمار برازیل کے عظیم فٹبالرز میں ہوتا ہے۔ وہ اپنے شاندار کھیل، بہترین ڈربلنگ اور گیند پر غیر معمولی مہارت کے باعث دنیا بھر میں شہرت رکھتے ہیں۔