خودکار ہتھیاروں کو محدود کرنے پر مذاکرات، امریکا اور روس کا مخالفت کا فیصلہ

امریکا اور روس نے مصنوعی ذہانت سے چلنے والے مہلک خودکار ہتھیاروں پر قانونی پابندیاں عائد کرنے کے عالمی معاہدے کی مخالفت کردی ہے۔

اقوام متحدہ کے زیر اہتمام مذاکرات پیر سے جنیوا میں شروع ہو رہے ہیں، جن میں یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا ایسے مہلک خودکار ہتھیاروں (LAWS) کے استعمال پر پابندیوں اور ضابطوں کے لیے قانونی طور پر پابند معاہدے پر بات چیت شروع کی جائے یا نہیں۔

خودکار ہتھیار ایسے فوجی نظام ہیں جو انسانی مداخلت کے بغیر اہداف کو نشانہ بنانے اور جان لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ مصنوعی ذہانت کی ترقی کے بعد ڈرونز، روبوٹس، ٹینکوں، آبدوزوں اور دیگر فوجی آلات میں اس ٹیکنالوجی کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یوکرین، سوڈان اور مشرق وسطیٰ میں مصنوعی ذہانت کی مدد سے کام کرنے والے نیم خودکار ہتھیار پہلے ہی استعمال کیے جا چکے ہیں، جس پر اخلاقی اور انسانی حقوق کے حوالے سے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

مخصوص روایتی ہتھیاروں کے کنونشن کے 128 رکن ممالک میں سے بیشتر ایسے ہتھیاروں کے استعمال کو محدود کرنے کے حامی ہیں، تاہم امریکا، روس اور اسرائیل سمیت بڑی فوجی طاقتیں قانونی طور پر پابند معاہدے کی مخالفت کر رہی ہیں۔ ان ممالک کا مؤقف ہے کہ جنگ کے حوالے سے موجودہ بین الاقوامی انسانی قوانین اس معاملے سے نمٹنے کے لیے کافی ہیں۔

اقوام متحدہ، بین الاقوامی کمیٹی برائے ریڈ کراس اور پوپ بھی خودکار ہتھیاروں کے خطرات سے خبردار کر چکے ہیں اور ان کے استعمال کو ضابطوں کے تحت لانے کی حمایت کرتے ہیں۔

ہیومن رائٹس واچ کی نمائندہ ویریٹی کوئل کا کہنا ہے کہ میدان جنگ میں یہ فیصلہ مشینوں کے سپرد نہیں ہونا چاہیے کہ کون زندہ رہے گا اور کون مارا جائے گا، تاہم دنیا تیزی سے ایسی صورتحال کی طرف بڑھ رہی ہے۔

دو سفارت کاروں نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ مذاکرات مشکل ہو سکتے ہیں، تاہم رواں ہفتے کے اختتام تک کسی سمجھوتے تک پہنچنے کے امکانات موجود ہیں۔ ان کے مطابق قانونی طور پر پابند معاہدے، غیر پابند معاہدے یا دونوں کی خصوصیات رکھنے والے مشترکہ معاہدے سمیت تمام تجاویز زیر غور ہیں۔

مہم چلانے والی تنظیموں کا کہنا ہے کہ خودکار ہتھیار غیر متوقع انداز میں کام کر سکتے ہیں، جس سے غلط اہداف کو نشانہ بنانے اور ہلاکتوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

امریکا میں قائم غیر منافع بخش ادارے فیوچر آف لائف انسٹی ٹیوٹ میں فوجی شعبے میں مصنوعی ذہانت کے ضابطوں کی سربراہ اینا ہیرر کا کہنا ہے کہ مہلک خودکار ہتھیار اب محض سائنس فکشن نہیں رہے۔ انہوں نے یوکرین میں مکمل خودکار نظاموں کے ابتدائی استعمال سے متعلق میڈیا رپورٹس کا حوالہ بھی دیا۔

امریکا خودکار ہتھیاروں کے لیے قانونی طور پر پابند قواعد کے بجائے رہنما اصول بنانے کا حامی ہے۔ اس نے تجویز دی ہے کہ ایسے ہتھیاروں سے متعلق غیر پابند معاہدے پر مذاکرات کے لیے پانچ سالہ مدت مقرر کی جائے۔

دوسری جانب ریڈ کراس کا مؤقف ہے کہ موجودہ بین الاقوامی انسانی قوانین خودکار ہتھیاروں سے پیدا ہونے والے مخصوص خطرات کا مکمل احاطہ نہیں کرتے۔

روس نے مذاکرات سے قبل اپنا مؤقف باضابطہ طور پر واضح نہیں کیا، تاہم ماضی میں وہ قانونی طور پر پابند معاہدے کی تجاویز کی مخالفت کرتا رہا ہے۔

ایک سینئر مغربی سفارت کار کے مطابق روس مذاکرات میں مبصر کی حیثیت رکھنے والے یورپی یونین کو اجلاس سے خطاب کرنے سے روکنے کی کوشش بھی کرے گا۔

اینا ہیرر نے رائٹرز کو بتایا کہ امریکا اور روس ممکنہ طور پر مذاکرات کے نتیجے میں سامنے آنے والی کسی بھی تجویز کو کمزور کرنے کی کوشش کریں گے، جیسا کہ انہوں نے ستمبر میں خودکار ہتھیاروں اور ان سے پیدا ہونے والے خطرات سے متعلق ایک دستاویز کے معاملے میں کیا تھا۔

مذاکرات کے چیئرمین نے قانونی طور پر پابند پروٹوکول پر بات چیت کے لیے دو سالہ مدت تجویز کی ہے، جبکہ برطانیہ، جرمنی اور فرانس نے ایسے معاہدے پر مذاکرات کی تجویز دی ہے جس میں یہ طے کرنے کا معاملہ کھلا رکھا جائے کہ وہ قانونی طور پر پابند ہوگا یا نہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles