
سپریم کورٹ آف پاکستان نے عدالتی اور ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق ایک جامع رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں نومبر 2024 سے ستمبر 2026 تک کی کارکردگی اور اہم پیش رفت کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عدالت عظمیٰ میں اصلاحات کے لیے متعارف کرائے گئے 86 نکاتی ایکشن پلان کے نتیجے میں زیر التوا مقدمات کی تعداد میں تقریباً 47 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ مقدمات نمٹانے کی مجموعی شرح میں تقریباً 56 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
جاری کردہ دستاویز کے مطابق اصلاحاتی منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 86 اقدامات ترتیب دیے گئے تھے، جن میں سے 64 اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور 11 پر پیش رفت جاری ہے، جبکہ مزید 11 اقدامات پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
ان اقدامات کے باعث سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد 60 ہزار 304 سے کم ہو کر 31 ہزار 927 رہ گئی ہے۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ آئینی ترمیم کے بعد 22 ہزار 213 مقدمات وفاقی آئینی عدالت کو منتقل ہوئے، جبکہ نومبر 2024 سے ستمبر 2026 کے دوران نئے دائر ہونے والے مقدمات کے مقابلے میں 6 ہزار 998 زائد مقدمات کے فیصلے کیے گئے۔
اعداد و شمار کے تقابلی جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ سپریم کورٹ نے عدالتی سال 2024-25 کے دوران 25 ہزار 989 مقدمات نمٹائے، جبکہ اس سے گزشتہ برس نمٹائے گئے مقدمات کی تعداد 16 ہزار 620 تھی۔
مقدمات کی تیز رفتار سماعت کے باعث طویل عرصے سے زیر التوا اہم نوعیت کے مقدمات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، جس کے تحت سزائے موت کی اپیلوں کی سماعت سنہ 2015 کے زیر التوا مقدمات سے آگے بڑھ کر 2026 تک پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح ضمانت بعد از گرفتاری کے مقدمات کی سماعت 2009 اور خاندانی مقدمات کی سماعت 2010 کے زیر التوا کیسز سے آگے بڑھ کر 2026 کے مقدمات تک آ پہنچی ہے۔
عدالتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے متعارف کرائے گئے سپریم کورٹ رولز 2025 کے تحت ای فائلنگ، ڈیجیٹل ریکارڈ اور ورچوئل سماعتوں کا باقاعدہ قانونی فریم ورک نافذ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اب تک سپریم کورٹ میں 45 ہزار 131 سے زائد مقدمات ای فائلنگ کے ذریعے دائر کیے جا چکے ہیں اور 2 لاکھ 64 ہزار سے زائد عدالتی فیصلوں کو ڈیجیٹل شکل دی جا چکی ہے۔
مزید برآں جدید نظام کے تحت سائلین کو 34 ہزار 883 سے زائد مصدقہ نقول بھی جاری کی گئیں۔
سائلین کی سہولت اور رہنمائی کے لیے سپریم کورٹ میں عوامی سہولت مرکز قائم کیا گیا ہے جہاں شہریوں کو عدالتی معلومات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ مفت قانونی مشوروں اور معاونت کے لیے ایک کال سینٹر قائم کرنے کا اقدام بھی متعارف کرایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے قانونی مسائل کے حل اور سہولت کے لیے خصوصی اوورسیز لٹیگنٹس فیسیلیٹیشن سیل بھی فعال کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں ماتحت عدلیہ کی کارکردگی کا احاطہ کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ملک بھر کی ضلعی عدالتوں نے مقررہ مدت میں نمٹائے جانے والے 14 لاکھ 67 ہزار 675 ٹائم باؤنڈ مقدمات کے فیصلے سنائے ہیں۔ ان میں ماڈل کریمنل کورٹس نے 91 ہزار 71 جبکہ ماڈل سول کورٹس نے 42 ہزار 386 مقدمات نمٹائے۔
مزید برآں 17 ترجیحی اقسام کے مقدمات کے فیصلوں کے لیے دو سے 24 ماہ کے اہداف مقرر کیے گئے ہیں تاکہ انصاف کی فراہمی میں تاخیر کو ختم کیا جا سکے۔
عدالتوں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور شفافیت کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خواتین سائلین کے لیے مختلف عدالتی حدود میں 398 مقامات پر ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، جن میں انتظار گاہیں، بچوں کی دیکھ بھال اور علیحدہ واش رومز کی سہولیات شامل ہیں۔
عدالتی عملے کی بدعنوانی، رشوت ستانی اور بدانتظامی کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے اینٹی کرپشن ہاٹ لائن بھی قائم کر دی گئی ہے، جبکہ ایکسیس ٹو جسٹس ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے عدالتوں میں شمسی توانائی، ای لائبریریز اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ ان تمام عدالتی اصلاحات کا بنیادی مقصد شہریوں کو بروقت انصاف، آسان طریقہ کار اور بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔