بال ٹیمپرنگ اسکینڈل: وسیم اکرم نے پیٹ کمنز کو آئینہ دکھا دیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز فاسٹ بولر وسیم اکرم نے 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کے بیان پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی تجربہ کار بولر گیند پر سینڈ پیپر کے استعمال سے پڑنے والے نشانات کو فوراً پہچان سکتا ہے۔

وسیم اکرم نے ہفتے کے روز میلبورن سے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں کہا کہ گیند پر قدرتی طور پر گرنے یا زمین سے ٹکرانے کے نشانات اور سینڈ پیپر سے رگڑنے کے نشانات میں واضح فرق ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب گیند کسی بولر کے ہاتھ میں آتی ہے تو وہ اس کی حالت کو اچھی طرح دیکھتا ہے اور اسے فوراً اندازہ ہوجاتا ہے کہ گیند کے ساتھ کچھ غیر معمولی ہوا ہے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ بطور بولر میں گیند کو دیکھتے ہی سمجھ جاؤں گا کہ کچھ ٹھیک نہیں ہے۔ چاہے پانچواں اوور ہو، دسواں یا پچاسواں، بولر گیند کا خیال رکھتا ہے اور اس کے ایک حصے کو چمکاتا ہے، لیکن سینڈ پیپر سے لگنے والے خراش کے نشانات عام طور پر ایک بار زمین پر گرنے سے پڑنے والے نشانات سے بالکل مختلف ہوتے ہیں۔

انہوں نے اس فرق کو سمجھانے کے لیے کہا کہ کوئی بھی شخص ایک نسبتاً نئی گیند لے کر اس پر سینڈ پیپر رگڑ کر دیکھ سکتا ہے کہ اس سے کس قسم کے نشانات بنتے ہیں۔

پاکستان کے سابق کپتان نے واضح کیا کہ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز ان کے قریبی دوست ہیں اور وہ اس معاملے میں کسی کی طرف داری نہیں کر رہے، تاہم گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے حوالے سے ان کا اپنا تجربہ ہے۔

یہ تنازع سابق آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ کی خودنوشت کتاب ’’صبر‘‘ میں کیے گئے انکشافات کے بعد دوبارہ سامنے آیا ہے۔

عثمان خواجہ نے دعویٰ کیا تھا کہ 2018 میں جنوبی افریقا کے دورے کے دوران آسٹریلوی ٹیم کے ڈریسنگ روم میں گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے منصوبے کا علم کئی کھلاڑیوں کو تھا، جن میں بولرز بھی شامل تھے۔

واضح رہے کہ 2018 میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون بینکرافٹ کو کیمرے کی آنکھ نے گیند پر سینڈ پیپر رگڑتے ہوئے پکڑ لیا تھا۔ اس واقعے کے بعد اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ کرکٹ آسٹریلیا نے بھی ٹیم کے رویے اور ماحول کا جائزہ لیا تھا۔

دوسری جانب آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے جمعے کے روز سڈنی میں پریس کانفرنس کے دوران عثمان خواجہ کے الزامات کو مسترد کردیا تھا۔

کمنز نے ان دعوؤں کو ’’سو فیصد غلط‘‘ اور ’’مکمل طور پر بے بنیاد بات‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اس بات کا کوئی علم نہیں تھا کہ میدان میں سینڈ پیپر لے جایا گیا ہے۔ انہوں نے بال ٹیمپرنگ کے منصوبے میں مرکزی کردار ہونے کے الزام کی بھی تردید کی۔

آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ انہیں یہ جان کر بھی حیرت ہوئی کہ عثمان خواجہ نے سینڈ پیپر استعمال کرتے وقت کیمرون بینکرافٹ کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا تھا۔

وسیم اکرم نے اس تنازع کو آسٹریلوی کرکٹ کی ساکھ سے بھی جوڑتے ہوئے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم اپنی صاف گوئی، میدان میں سخت مقابلے اور دیانت داری کے لیے مشہور رہی ہے، اسی لیے اس معاملے نے پورے ملک کو کسی حد تک پریشان کر رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’’آسٹریلوی اپنی صاف گوئی، میدان کے اندر اور باہر سخت رویے اور سب سے بڑھ کر ایمانداری کے لیے مشہور ہیں۔ میرا خیال ہے کہ یہی وجہ ہے کہ پوری قوم اس معاملے پر کچھ دباؤ محسوس کر رہی ہے۔‘‘

وسیم اکرم نے امید ظاہر کی کہ یہ معاملہ جلد حل ہوجائے گا، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یہ اس تنازع پر ان کی ذاتی رائے ہے۔

ادھر کرکٹ آسٹریلیا نے نئے الزامات سامنے آنے کے باوجود 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کی تحقیقات دوبارہ شروع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واقعے کو آٹھ سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود عثمان خواجہ کے انکشافات اور پیٹ کمنز کے جواب نے ایک بار پھر آسٹریلوی ٹیم کے کردار اور اس واقعے سے متعلق اس کے مؤقف پر سوالات کھڑے کردیے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles