
گوگل نے اپنے سرچ انجن کو مزید جدید بنانے کے لیے اے آئی پر مبنی نئے ماڈل جیمنائی 4 ہائیڈروجن کو متعارف کرا دیا ہے، جو صارفین کے پیچیدہ سوالات کو سمجھنے اور ایک ہی جواب میں مختلف پہلوؤں کی معلومات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ ماڈل پاکستان سمیت دنیا بھر میں گوگل سرچ کے اے آئی موڈ کے لیے ڈیفالٹ ماڈل کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے۔
گوگل کے مطابق یہ اب تک سرچ کے لیے اس کے کسی بھی ماڈل کی سب سے بڑی اپ گریڈ ہے۔ کمپنی نے 12 نومبر کو اس ماڈل کی عالمی سطح پر فراہمی شروع کی، جبکہ اسے اے آئی اوورویوز میں آنے والے مشکل ترین سوالات کے جوابات تیار کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔
گوگل سرچ کے نائب صدر روبی اسٹین کے مطابق نیا ماڈل صارفین کے سوالات کو پہلے سے بہتر انداز میں سمجھنے اور ان کے مطابق معلومات فراہم کرنے میں مدد دے گا۔
گوگل کا کہنا ہے کہ جیمنائی 4 ہائیڈروجن عام بول چال کی زبان میں لکھے گئے سوالات کو بھی بہتر طور پر سمجھ سکتا ہے، چاہے ان میں املا کی غلطیاں ہوں یا ایک ہی سوال میں کئی مختلف باتیں پوچھی گئی ہوں۔
مثال کے طور پر اگر کوئی صارف کسی شہر میں رہائش، اخراجات، سفر اور سہولتوں سے متعلق کئی سوالات ایک ساتھ پوچھتا ہے تو یہ ماڈل ان تمام پہلوؤں کو سمجھ کر ایک مربوط جواب فراہم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
یہ ماڈل صارف کی ہدایات پر بھی زیادہ بہتر طریقے سے عمل کر سکتا ہے اور مختلف معلومات حاصل کرنے کے لیے دستیاب ٹولز استعمال کرتا ہے۔ اس کے علاوہ صارفین اے آئی موڈ میں مزید سوالات کرکے پہلے ملنے والے جواب کی وضاحت مانگ سکتے ہیں یا اپنی ضرورت کے مطابق معلومات کو محدود کرسکتے ہیں۔
اس اپ گریڈ کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ اب گوگل سرچ ایک سوال کے مختلف پہلوؤں پر بیک وقت تلاش کرکے زیادہ متعلقہ ویب سائٹس کی معلومات سامنے لاسکے گا۔
اس طریقہ کار کو گوگل ’کوئری فین آؤٹ‘ کہتا ہے۔ اس میں اے آئی موڈ کسی پیچیدہ سوال کو چھوٹے چھوٹے موضوعات میں تقسیم کرتا ہے، ہر موضوع کے بارے میں الگ الگ تلاش کرتا ہے اور پھر حاصل ہونے والی معلومات کو یکجا کرکے صارف کو ایک جواب دیتا ہے۔
گوگل کے مطابق نیا ماڈل یہ فیصلہ کرنے میں زیادہ بہتر ہے کہ کسی سوال کے جواب کے لیے کن موضوعات پر تحقیق ضروری ہے۔ اس طرح صارفین کو مختلف ویب سائٹس اور ذرائع سے متعلقہ معلومات ملنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
نئے ماڈل کے ذریعے گوگل سرچ ضرورت کے مطابق تصاویر، نقشے اور تقابلی جدول بھی فراہم کرسکتا ہے، تاکہ صارفین کے لیے مختلف معلومات کو سمجھنا آسان ہو۔
گوگل کی جانب سے دی گئی ایک مثال میں بوسٹن کے مختلف علاقوں سے متعلق سوال کا جواب نقشے اور تقابلی جدول کی صورت میں دکھایا گیا، جس سے صارفین مختلف علاقوں کا موازنہ کرسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ اے آئی موڈ میں انٹرایکٹو خاکے، کیلکولیٹر اور مختلف چیزوں کی عملی نقل یا سیمولیشن بھی تیار کی جاسکتی ہے۔ گوگل کی سپورٹ ویب سائٹ کے مطابق یہ انٹرایکٹو سہولتیں فی الحال انگریزی زبان میں ان صارفین کو دستیاب ہیں جو اپنے گوگل اکاؤنٹ میں سائن اِن ہوں۔
البتہ سوالات کو سمجھنے اور جوابات بہتر بنانے سے متعلق نئی خصوصیات ان تمام زبانوں میں کام کریں گی جنہیں گوگل کا اے آئی موڈ سپورٹ کرتا ہے۔
پاکستان بھی گوگل کے اے آئی موڈ کی سہولت حاصل کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔ صارفین گوگل سرچ کھول کر اے آئی موڈ میں جاسکتے ہیں اور وہاں اپنا سوال درج کرسکتے ہیں۔
جیمنائی 4 ہائیڈروجن اس موڈ میں خودکار طور پر کام کرے گا، جس کے لیے کسی پیڈ سبسکرپشن کی ضرورت نہیں ہے۔
دوسری جانب گوگل اہل صارفین کے لیے اے آئی موڈ میں ”جیمنائی 4 کاربن“ بھی فراہم کرتا ہے، جو زیادہ مشکل اور پیچیدہ کاموں کے لیے بنایا گیا ہے۔ تاہم اس کے استعمال کے لیے ”گوگل اے آئی الٹرا“ کی سبسکرپشن ضروری ہے اور اس پر روزانہ استعمال کی حد بھی مقرر ہے۔
اس تبدیلی کے بعد گوگل سرچ کا مقصد صرف ویب سائٹس کے لنکس دکھانا نہیں بلکہ صارفین کے پیچیدہ سوالات کو سمجھ کر مختلف ذرائع سے معلومات جمع کرنا اور انہیں ایک جگہ پیش کرنا بھی ہے۔