انڈر 19 ایشیا کپ فائنل میں بھارتی کھلاڑیوں کے رویے پر شعیب اختر بھی بول پڑے

انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دینے کے بعد بھارتی کھلاڑیوں کے جارحانہ انداز میں جشن منانے پر سابق پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا یہ ردعمل سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔

انہوں نے بھارتی ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد تو دی، تاہم کھلاڑیوں کے جشن کے انداز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ رویہ پسند نہیں آیا۔ ساتھ ہی انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستانی ٹیم بڑے مقابلوں میں بھارت کے خلاف دباؤ برداشت کرنے میں ناکام رہتی ہے۔

انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کو شکست دینے کے بعد بھارتی کھلاڑیوں نے میدان میں بھرپور جشن منایا۔ میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا، جہاں موہت الوا نے چوکا لگا کر بھارت کو فتح دلائی۔

بھارتی کھلاڑیوں نے کامیابی کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کے سامنے کھڑے ہوکر نعرے لگائے۔ ان کے اس انداز کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئیں۔

سابق پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھارتی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگرچہ بھارتی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کیا اور ان کی جیت ان کی برتری کو ظاہر کرتی ہے، لیکن اس قسم کا جارحانہ انداز درست نہیں ہے۔

انہوں نے بھارتی نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں نے پریشر کو اپنے اوپر حاوی نہیں کیا اور بہت اچھا کھیل کھیلا۔ لیکن پاکستانی ٹیم زیادہ بہتر تھی اور انہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں اچھی پرفارمنس دکھائی مگر وہ پریشر کو سنبھال نہ سکی۔

View this post on Instagram

میچ کی کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو جیت کے لیے 338 رنز کا مشکل ہدف دیا تھا۔ جواب میں بھارتی ٹیم نے 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بناکر ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔

میچ کے آخری اوور میں بھارت کو جیت کے لیے 8 رنز درکار تھے، جبکہ آخری گیند پر ہدف حاصل کرنے کے لیے 3 رنز کی ضرورت تھی۔ موہت الوا نے احمد حسین کی گیند پر چوکا لگا کر بھارت کو فتح دلا دی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles