
خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خطے میں ہونے والے جنگی نقصانات کا مکمل معاوضہ ادا کرے، جبکہ ایران نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خلیجی ممالک پر امریکی حملوں میں معاونت کا الزام عائد کیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے جی سی سی کے سیکریٹری جنرل جاسم البدیوی نے کہا کہ ایران نے خلیجی ممالک پر ہزاروں میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں، جن میں ہوائی اڈوں، بندرگاہوں، تیل و گیس کے مراکز، بجلی گھروں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔
جاسم البدیوی نے اپنے خطاب میں اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ خلیجی ممالک اس تنازع کا حصہ نہیں تھے بلکہ انہوں نے ہمیشہ خطے میں کشیدگی روکنے کی سنجیدہ کوششیں کی ہیں، لہذا ایران کو ان حملوں اور ان کے تباہ کن نتائج کی مکمل ذمہ داری قبول کرنا چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ مستقبل میں کسی بھی قسم کے معاہدے میں محض جوہری پروگرام تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اس میں بیلسٹیک میزائلوں، ڈرونز اور خطے میں مسلح عسکری گروہوں کی ایرانی حمایت جیسے اہم معاملات کو بھی لازمی طور پر شامل کیا جانا چاہئے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں تعینات ایران کے نائب سفیر غلام حسین نے جی سی سی کے ان تمام الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ خلیجی ممالک خود اس تنازع میں فریق رہے ہیں اور انہوں نے ایران پر ہونے والے امریکی حملوں کے دوران واشنگٹن کو بھرپور مدد اور سہولت کاری فراہم کی ہے۔
ایرانی سفارت کار کا کہنا تھا کہ امریکا کی عسکری کارروائیوں میں مدد فراہم کرنے پر خلیجی ممالک کو بھی اس کے جواب دہ ہونا چاہیے اور انہیں واضح کرنا چاہیے کہ انہوں نے ایران کے خلاف امریکی حملوں میں کس حد تک سہولت کاری کی ہے۔