
دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ’این ویڈیا‘ کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) جینسن ہوانگ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
این ویڈیا کے مطابق کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے جینسن ہوانگ کا استعفیٰ فوری طور پر منظور کرکے چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) کولیٹ کریس کو عبوری طور پر سی ای او مقرر کیا ہے۔
جینسن ہوانگ کا استعفیٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ان کے مبینہ ازدواجی تعلقات سے متعلق رپورٹس کے باعث ان پر عہدہ چھوڑنے کے لیے دباؤ بڑھ رہا تھا۔
گزشتہ دنوں سامنے آنے والی رپورٹس میں ان کے ایک چینی کاروباری خاتون ایلس ہوانگ کے ساتھ مبینہ تعلقات کا ذکر سامنے آیا تھا، جن کے بارے میں امریکی حکام کو شبہ ہے کہ وہ چین کے لیے جاسوسی میں ملوث ہو سکتی ہیں۔
یہ تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا تھا جب جینسن ہوانگ نے کمپنی کے ملازمین کو ارسال کردہ ایک خط میں اعتراف کیا کہ ان کے ایلس ہوانگ کے ساتھ رومانوی تعلقات رہے۔
اگرچہ انہوں نے اپنے خط میں خاتون کا نام نہیں لیا، تاہم اکتوبر میں نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں امریکی حکام کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ ایلس ہوانگ ایک چینی جاسوس ہیں۔ گزشتہ دو برس کے دوران جینسن ہوانگ اور ایلس ہوانگ کی متعدد تصاویر بھی سامنے آ چکی ہیں۔
حال ہی میں جینسن ہوانگ پر ان کے ماتحت کام کرنے والی کمپنی کی ایک سینئر خاتون عہدیدار کے ساتھ بھی مبینہ ازدواجی تعلقات کے الزامات بھی سامنے تھے۔
کمپنی کے مطابق جینسن ہوانگ اب بورڈ آف ڈائریکٹرز کا حصہ بھی نہیں رہیں گے۔ وہ این ویڈیا کے شریک بانی ہونے کے ساتھ کمپنی کے چوتھے بڑے شیئر ہولڈر بھی ہیں اور ان کے پاس تقریباً 3.61 فیصد حصص موجود ہیں۔
این ویڈیا نے چیف فنانشل آفیسر کولیٹ کریس کو عبوری چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کیا ہے، جو مستقل جانشین کی تلاش مکمل ہونے تک کمپنی کی سربراہی کریں گی۔
کولیٹ کریس ستمبر 2013 میں ایگزیکٹیو نائب صدر اور چیف فنانشل آفیسر کی حیثیت سے این ویڈیا میں شامل ہوئی تھیں اور کمپنی کے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں عالمی مقام حاصل کرنے کے پورے عرصے کے دوران اسی عہدے پر فائز رہیں۔
کولیٹ کریس فوربز کی 2026 کی دولت مند امریکی خواتین کی فہرست میں 32 ویں نمبر پر موجود ہیں۔
اس اہم پیش رفت کے بعد این ویڈیا نے کمپنی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کا چیئرمین بھی مقرر کیا ہے۔ اس عہدے کے لیے طویل عرصے سے کمپنی کے بورڈ کے رکن ہاروی سی جونز کا انتخاب کیا گیا ہے۔
ہاروی جونز 1993 سے این ویڈیا کے بورڈ میں شامل ہیں، جب کہ کمپنی جنوری 1999 میں اسٹاک مارکیٹ میں درج ہوئی تھی۔ وہ بورڈ کی آڈٹ اور نامزدگی و کارپوریٹ گورننس کمیٹیوں کا بھی حصہ ہیں۔
ایلس ہوانگ، جنہیں ’ہوانگ لے‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، چینی شہری ہیں اور ان کا تعلق صحافت اور فنانس سے بتایا جاتا ہے۔
یہ تنازع سامنے آںے کے بعد سنگاپور کی وزارت داخلہ نے ایلس ہوانگ کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔ ایلس ہوانگ این ویڈیا کی ایک صارف کمپنی ’میگاسپیڈ‘ کی سابق عہدیدار رہ چکی ہیں۔
وزارت کے مطابق ایلس ہوانگ رواں سال فروری میں سنگاپور سے روانہ ہوئی تھیں اور ممکنہ قانونی خلاف ورزیوں کی تحقیقات سے ملک سے باہر ہیں۔
بیان کے مطابق ایلس ہوانگ کے خلاف دستیاب شواہد سے کسی جرم کے ارتکاب کو ثابت کرنے کے لیے کافی نہیں تھے۔
اگرچہ ایلس اور جینسن کا خاندانی نام ’ہوانگ‘ یکساں ہے تاہم دونوں کے درمیان کوئی باقاعدہ رشتہ موجود نہیں ہے۔ جینسن ہوانگ گزشتہ 40 برس سے اپنی اہلیہ لوری ہوانگ کے ساتھ ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں۔