
امریکی وفاقی عدالت نے سکھ رہنما اور ’سکھس فار جسٹس‘ کے قانونی مشیر گرپتونت سنگھ پنوں کے مبینہ قتل کی سازش سے متعلق دائر مقدمے میں بھارتی حکومت کو باقاعدہ سمن جاری کر دیے ہیں۔
نیویارک کی سدرن ڈسٹرکٹ کی عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات اور امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق 9 اکتوبر کو ایک سفارتی مراسلے کے ذریعے عدالتی نوٹس واشنگٹن ڈی سی میں واقع بھارتی سفارت خانے کو ارسال کیا گیا۔
اس مقدمے میں بھارتی حکومت کے علاوہ بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول، بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے سابق سربراہ سمنت گوئل، سابق ’را‘ افسر وکرم یادو اور نکھل گپتا سمیت دیگر افراد کو نامزد کر کے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے بھارتی حکومت اور ان نامزد شخصیات کے خلاف ستمبر 2024 میں امریکی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا، اس مقدمے کی بنیاد امریکا میں ان کے مبینہ قتل کی سازش کے انکشافات پر رکھی گئی تھی اور اس میں مبینہ طور پر بھارتی شہری نکھل گپتا شامل تھا۔
نکھل گپتا کو جون 2023 میں پراگ سے گرفتار کر کے امریکا کے حوالے کیا گیا تھا، اس نے فروری 2026 میں پیسے دے کر قتل کروانے، قتل کی سازش اور منی لانڈرنگ کے تین الزامات میں صحتِ جرم قبول کی تھی۔
امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں بالخصوص منشیات کے انسداد کے ادارے (ڈی ای اے) کی تحقیقات کے مطابق سابق بھارتی افسر وکرم یادو نے پنوں کے قتل کے منصوبے کے لیے نکھل گپتا سے رابطہ کیا تھا، جس کی روشنی میں امریکی وزارتِ انصاف نے اکتوبر 2024 میں وکرم یادو پر فردِ جرم عائد کی تھی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق بھارتی سفارت خانے کو سفارتی مراسلہ بھجوانا ایک ضابطے کی کارروائی ہے اور اس سے جاری سول مقدمے پر امریکی موقف کی عکاسی نہیں ہوتی۔
دوسری جانب بھارتی حکومت ماضی میں اپنے حکام کی ایسی سازشوں میں شمولیت کی مسلسل تردید کرتی آئی ہے اور اس نے امریکا کی جانب سے فراہم کردہ شواہد کی تحقیقات کے لیے 2023 میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی قائم کی تھی۔
تاہم گرپتونت سنگھ پنوں پر حملے کی مبینہ سازش اور اس سے قبل 2023 میں کینیڈا میں ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے واقعات نے عالمی سطح پر بھارتی حکومت کے لیے شدید سفارتی چیلنجز پیدا کر دیے ہیں، جن کے باعث بھارت اور کینیڈا کے تعلقات میں شدید کشیدگی آئی اور دونوں ممالک نے اپنے سفارت کاروں کو واپس بلا لیا تھا۔
امریکی عدالت کی جانب سے بھارتی حکام کو سمن جاری ہونے پر پاکستان کی جانب سے بھی ردِعمل سامنے آیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر (ڈی جی آئی ایس پی آر) نے اس معاملے پر اپنا موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت دنیا بھر میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کی سرپرستی، مالی معاونت اور سہولت کاری میں ملوث ہے، اور انہوں نے بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کو ان بین الاقوامی سرگرمیوں کا مرکزی منصوبہ ساز قرار دیا ہے۔