بالائی علاقوں میں بارِش اور برفباری کی پیش گوئی، کراچی میں سردی بڑھنے کا امکان

ملک کے بالائی علاقوں میں آئندہ دو سے تین روز کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں آئندہ دو سے تین روز کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ بلوچستان میں بارش کے بعد چلنے والی سرد ہواؤں کے باعث کراچی میں بھی درجہ حرارت گرنے اور سردی بڑھنے کا امکان ہے۔

آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے بالائی علاقوں میں موسم سرد ہو گیا ہے۔ آزاد کشمیر کی وادیوں میں وقفے وقفے سے بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں گنگا چوٹی، درہ حاجی پیر اور مکڑا پہاڑ نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔

بارش اور برفباری کے باعث مظفرآباد سمیت وادی کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔ دوسری جانب مری اور ایبٹ آباد میں بھی رات گئے گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس سے موسم مزید سرد ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی اضلاع اور سیاحتی مقامات پر بارش اور برفباری کا سلسلہ آئندہ چند روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

انتظامیہ نے سیاحوں اور مقامی رہائشیوں کو خراب موسم کے پیشِ نظر پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ممکنہ راستوں کی بندش اور دیگر مشکلات سے بچا جا سکے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles