
ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سربراہ محسن رضائی نے امریکا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جنگ اور انتخابات دونوں ہار چکا ہے، جبکہ امریکی قیادت میں بھی تبدیلیاں ہونے والی ہیں۔
محسن رضائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں امریکی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس شکست تسلیم کر چکے ہیں، وزیر خارجہ مارکو روبیو رخصت ہونے والے ہیں اور وزیر جنگ پیٹ ہیگسیٹھ کو بھی عہدے سے ہٹایا جا رہا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے کمانڈر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اب پوڈکاسٹر بن چکے ہیں۔
ایرانی عہدیدار نے امریکی قیادت کی صورتِ حال پر طنز کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ جب جنگ اور انتخابات دونوں ہار چکے ہو تو پھر ہمیں واشنگٹن میں اپنے پیغامات کس کے نام بھیجنے چاہئیں؟
محسن رضائی نے امریکا کو نئی جنگ شروع کرنے کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا نے جنگ شروع کی تو اسے انتہائی تباہ کن ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ حالیہ امریکی وسط مدتی انتخابات میں حکمراں جماعت ریپبلکن پارٹی کو تاریخی سیاسی شکست کا سامنا کرنا پڑا، جہاں اپوزیشن ڈیموکریٹک پارٹی نے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں فیصلہ کن اکثریت حاصل کر کے واشنگٹن میں طاقت کا توازن یکسر بدل دیا۔
امریکی ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹس نے 231 نشستیں جیت کر دو تہائی سے زائد اکثریت حاصل کی جبکہ ریپبلکنز صرف 139 نشستیں حاصل کر سکے، اس کے علاوہ سینیٹ کے 100 رکنی ایوان میں ہونے والے انتخابات کے بعد ڈیموکریٹس نے 54 نشستیں اپنے نام کر لیں جبکہ ریپبلکنز کے حصے میں 44 نشستیں آئیں۔