امریکا کا ایران کے خلاف دباؤ بڑھانے کے لیے نئی ٹاسک فورس ’آئرن گیٹ‘ قائم کرنے کا اعلان

امریکا نے ایران کے خلاف دباؤ بڑھانے کے لیے نئی ٹاسک فورس ’آئرن گیٹ‘ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد ایران کی سرحدوں کے ذریعے جدید ہتھیاروں اور دیگر ممنوعہ سامان کی نقل و حرکت روکنا ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے مطابق اس خصوصی ٹاسک فورس کے قیام کا حکم سینٹ کام کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے دیا ہے۔

فورس میں تقریباً 20 فوجی اور سویلین اہلکار شامل ہوں گے اور اس کا مرکز امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر ٹیمپا میں ہوگا۔

سینٹ کام کے بیان کے مطابق ’آئرن گیٹ‘ امریکی حکومت کے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کرے گی اور ایران کی زمینی سرحدوں سمیت بحیرہ کیسپین کے راستے ہتھیاروں کی منتقلی کی نگرانی کرے گی۔

ٹاسک فورس ایران کو ایسے سامان کی فراہمی روکنے پر بھی نظر رکھے گی جو شہری مقاصد کے ساتھ فوجی استعمال میں بھی لایا جا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ غیر قانونی مالی ذرائع اور آمدنی کے ان نیٹ ورکس کی نگرانی بھی کی جائے گی جن کے ذریعے ایران کو ہتھیاروں اور ممنوعہ سامان کی فراہمی ممکن ہوتی ہے۔

ایڈمرل بریڈ کوپر کا کہنا ہے کہ امریکی حکومتی اداروں کے درمیان تعاون مضبوط بنا کر ایران کی مبینہ دہشت گردی کی مالی معاونت، ہتھیاروں کی پیداوار اور فوجی ذخائر دوبارہ بحال کرنے کی صلاحیت محدود کی جا سکے گی۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف کئی ماہ سے جاری بحری ناکا بندی کے باعث تہران 25 ارب ڈالر سے زائد مالیت کا خام تیل برآمد کرنے سے محروم رہا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles