سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز پر حملے کا خدشہ؟ جاسوس ڈرون عمارت سے ٹکرا گیا


لاہور میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) ہیڈ کوارٹرز کی عمارت کی بیرونی دیوار سے ایک جدید ساختہ سرویلنس ڈرون ٹکراکر نیچے گر گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ رات 12 بچ کر 30 منٹ پر پیش آیا، جس سے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز میں خوف و ہراس پھیل گیا جب کہ سرویلنس ڈرون جلو موڑ کی طرف سے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز کی جانب آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جدید ساختہ سرویلنس ڈرون ہیڈکوارٹرز کی بیرونی دیوار سے ٹکرانے کے بعد نیچے گر گیا۔ ڈرون کی مدد سے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز کے اندرونی حصوں کی ریکی جاری تھی۔
سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز کی سیکیورٹی ٹیم نے سرویلنس ڈرون قبضے میں لے لیا اور اس وقت ڈرون کے ساتھ منسلک کیمروں اور بیٹری کی لائٹس آپریشنل تھیں۔ بعد ازاں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ڈرون کے معائنے کے بعد کلیئرنس دی۔
پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان نے دہشت گردی کی نیت سے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی جانب ڈرون بھیجا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی سیکیورٹی نے تھانہ ہربنس پورہ میں کارروائی کے لیے درخواست جمع کرادی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles