
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا فائنل آج لاہور میں کھیلا جائے گا، جہاں دونوں ٹیمیں ٹرافی اپنے نام کرنے کے لیے میدان میں اتریں گی۔
فائنل مقابلہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔ میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ میں حصہ لیا۔
قومی ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کریں گے جبکہ سری لنکن ٹیم کی کپتانی کوشل مینڈس کے سپرد ہے۔
پاکستان نے تین ملکی سیریز میں انگلینڈ کے خلاف دونوں میچز جبکہ سری لنکا کے خلاف ایک میچ میں کامیابی حاصل کی۔ گرین شرٹس کی نظریں ہوم گراؤنڈ پر پہلی مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنل تین ملکی سیریز کی ٹرافی جیتنے پر مرکوز ہیں۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان کے لیے سلمان علی آغا نمایاں بیٹر رہے ہیں، جنہوں نے 158 رنز بنائے۔ بولنگ کے شعبے میں عرفات منہاس نے چار میچوں میں 9 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی 8 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔
فائنل سے قبل گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ٹیم نے اب تک اچھی کارکردگی دکھائی ہے، تاہم کچھ شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے۔ ٹاپ آرڈر میں رنز بنانے اور بڑی شراکتیں قائم کرنے پر توجہ دینا ہوگی۔
شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ شائقین کرکٹ نے ہمیشہ قومی ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کی ہے اور انہیں امید ہے کہ آج بھی بڑی تعداد میں تماشائی اسٹیڈیم پہنچ کر ٹیم کا حوصلہ بڑھائیں گے۔
قومی کپتان نے فائنل میں اچھی کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم فیصلہ کن مقابلے کے لیے پُرامید ہے۔
دوسری جانب سری لنکن ٹیم کے کپتان کوشل مینڈس نے بھی فائنل جیتنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری ٹیم کے لیے ایک بڑا اور اہم میچ ہے، جس کے لیے بھرپور تیاری کی ہے اور ہم اس مقابلے کے منتظر ہیں۔
کوشل مینڈس نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ میچوں میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے جبکہ گزشتہ میچ میں سری لنکا کی کارکردگی بھی بہت اچھی رہی تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سری لنکا میں سب لوگ ٹیم کی کارکردگی سے خوش ہیں۔ پاکستانی شائقین نے بھی سری لنکن کھلاڑیوں کو بھرپور سپورٹ فراہم کی، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔
اب دونوں ٹیموں کے درمیان آج ہونے والا فائنل سیریز کی فاتح ٹیم کا فیصلہ کرے گا۔ پاکستان کو ہوم گراؤنڈ اور شائقین کی حمایت حاصل ہوگی، جبکہ سری لنکا بھی ٹرافی جیتنے کے لیے پُرعزم ہے۔