
ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگئیں، ایونٹ کے دوسرے روز متحدہ عرب امارات نے بھارت کو شکست دے کر اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرلی ہے۔
ہانگ کانگ میں جاری سکسز ٹورنامنٹ کے دوسرے روز کھیلے گئے اہم مقابلے میں متحدہ عرب امارات نے بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی بھارتی ٹیم کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہوگیا، جبکہ گروپ مرحلے میں بھارت آخری پوزیشن پر رہا۔
دوسری جانب دفاعی چیمپئن پاکستان بھی ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہا اور گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے کے باوجود ایونٹ سے باہر ہوگیا۔
ٹورنامنٹ کے پہلے روز پاکستان کو متحدہ عرب امارات کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم قومی ٹیم نے اپنے دوسرے میچ میں بھارت کو چار وکٹوں سے ہرا کر کامیابی حاصل کی تھی۔ اس فتح کے باوجود پاکستان اگلے مرحلے میں جگہ بنانے میں کامیاب نہ ہوسکا۔
دوسرے روز متحدہ عرب امارات نے بھارت کو شکست دے کر گروپ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرلی، جبکہ پاکستان اور بھارت دونوں ٹیموں کے لیے ٹائٹل جیتنے کا سفر اختتام پذیر ہوگیا۔