ہانگ کانگ سکسز: دوسرے میچ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے دی

ہانگ کانگ سکسز 2026 کے ٹورنامنٹ میں پاکستان نے اپنے دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کرلی ہے۔ قومی ٹیم نے 89 رنز کا ہدف صرف 3.5 اوورز میں حاصل کرکے میچ اپنے نام کرلیا۔

ہانگ کانگ میں جاری ٹورنامنٹ کے اس اہم مقابلے میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 89 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی جانب سے خواجہ نافع نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 رنز بنائے، جبکہ کپتان عباس آفریدی نے 35 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستانی بلے بازوں نے ہدف کے تعاقب میں تیز رفتار بیٹنگ کی اور صرف 3.5 اوورز میں 89 رنز بنا کر بھارت کو شکست سے دوچار کردیا۔

اس کامیابی کے باوجود پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کا حتمی فیصلہ کل ہوگا، جس کے بعد اگلے مرحلے میں قومی ٹیم کی جگہ واضح ہوجائے گی۔

اس سے قبل ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کردیا تھا۔

ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں یو اے ای نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 107 رنز کا ہدف مقررہ 6 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

یو اے ای نے آخری اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دی۔

یو اے ای کے کپتان خالد شاہ نے پاکستانی بولرز کے خلاف دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 20 گیندوں پر 71 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 3 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے۔ زاہد علی نے بھی 8 گیندوں پر 22 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی، عبدالصمد اور عرفان خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 6 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے۔

پاکستانی کپتان عباس آفریدی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 13 گیندوں پر 53 رنز اسکور کیے۔ ان کی اننگز میں ایک چوکا اور 8 چھکے شامل تھے۔

عبدالصمد نے بھی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 15 گیندوں پر 39 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، تاہم پاکستانی بلے بازوں کی یہ کوشش ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles