نئے صوبوں کے ساتھ بلوچستان میں چھوٹے ڈویژن اور اضلاع بھی ضروری ہیں: سرفراز بگٹی


پاکستان میں نئے صوبوں اور چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام پر جاری بحث کے تناظر میں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ انتظامی یونٹس چھوٹے ہوں گے تو عوام کے لیے سول حکومت اور سرکاری محکموں تک رسائی آسان ہوگی۔ بلوچستان کے مخصوص حالات میں انتظامی ڈھانچے کو عوام کی ضروریات کے مطابق تشکیل دینا ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ملک میں چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام پر بحث اب شروع ہوئی ہے، جب کہ انہوں نے یہ عمل دو سال پہلے ہی شروع کردیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام کو حکومتی اداروں تک آسان رسائی دینے اور سرکاری خدمات ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے چھوٹے انتظامی یونٹس کا قیام ناگزیر ہے۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ کوہ سلیمان ڈویژن کی تمام ڈویژنل پوسٹوں کی منظوری دے دی گئی ہے اور ان پر افسران و عملے کو بہت جلد تعینات کردیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ نئے صوبوں کے ساتھ چھوٹے ڈویژن اور اضلاع بنانے کی بھی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق انتظامی یونٹس کا حجم چھوٹا ہونے سے عوام کو سول حکومت اور سرکاری محکموں تک رسائی میں آسانی ہوگی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ انتظامی یونٹس چھوٹے ہوں گے تو عوام کے لیے سول حکومت اور سرکاری محکموں تک رسائی آسان ہوگی۔ بلوچستان کے مخصوص حالات میں انتظامی ڈھانچے کو عوام کی ضروریات کے مطابق تشکیل دینا ضروری ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے رکھنی کو بلوچستان کا مثالی ڈویژن بنانے اور اسے ترقی کے میدان میں سرفہرست لانے کے لیے اقدامات جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رکھنی میں ترقیاتی عمل شروع ہوچکا ہے اور اسے مثالی ڈویژن بنانے کے لیے تمام تر کوششیں کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ رکھنی میں ترقیاتی عمل کو کرپٹ مافیا اور کمیشن سے پاک رکھنے کے لیے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ کے مطابق شفافیت یقینی بنانے کے لیے ترقیاتی کام محکمہ مواصلات و تعمیرات خود انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رکھنی کو ڈویژن کا درجہ دینے کا فیصلہ بہت پہلے ہوجانا چاہیے تھا۔
پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان نے گوادر میں تعمیراتی کمپنی کی عمارت پر فتنۃ الخوارج کے حملے کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف پاک فوج، ایف سی اور پولیس کی قربانیاں اور کارکردگی قابلِ فخر ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اگست کے بعد بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کے رجحان میں کمی آنا مثبت پیش رفت ہے اور دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی جرات مندانہ کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles