
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خیبرپختونخوا میں امن و امان اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس گورنر ہاؤس پشاور میں جاری ہے، جس میں صوبے کی سیکیورٹی صورت حال اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں گورنر خیبرپختونخوا، وفاقی و صوبائی وزرا، اعلیٰ عسکری قیادت اور متعلقہ حکام شریک ہیں۔ اجلاس کے دوران صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورت حال اور دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم کو امن وامان کی صورت حال پربریفنگ دی جائے گی، وزیرخزانہ اورنگزیب، وزیر قانون نذیراعظم تارڑ اور وفاقی وزیر انجنیئر امیر مقام بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود ہیں۔
اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ اقدامات پر مشاورت کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں جاری ترقیاتی اقدامات اور متعلقہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔