حکومت نے پیٹرول سستا اور ڈیزل مہنگا کردیا، نوٹیفکیشن جاری

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے اگلے ایک روز کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے سے زائد کی کمی کردی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 31 پیسے کا اضافہ کردیا ہے۔

وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے 16 اکتوبر کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد وبدل کیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 63 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 393 روپے 86 پیسے سے کم ہوکر 390 روپے 23 فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 31 پیسے کا معمولی اضافہ کیا گیا ہے، اس اضافے کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 396 روپے 65 پیسے بڑھ کر 396 روپے 96 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے اگلے ایک دن 16 اکتوبر 2026 تک کے لیے ہوگیا۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اعلان کردہ قیمتیں عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے منسلک ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں تبدیلیوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 25 مرتبہ کمی اور 36 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے وہی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 25 مرتبہ کمی ہوئی جب کہ 36 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز 14 اکتوبر کو حکومت نے پیٹرول 1 روپے 20 پیسے مہنگا کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 393 روپے 86 فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 17 پیسے کی معمولی کمی کے بعد 396 روپے 65 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

13 اکتوبر کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد وبدل کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 71 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں صرف 03 پیسے کی معمولی کمی تھی۔ اس کمی کے بعد پیٹرول کی قیمت 392 روپے 66 فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 396 روپے 82 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔

12 اکتوبر کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 93 پیسے کمی کی گئی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 395 روپے 37 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 61 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 396 روپے 85 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے کے آخری روز جمعے کو حکومت نے 3 دن کے لیے 10 اکتوبر سے 12 اکتوبر تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں رد و بدل کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 66 پیسے کی کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 398 روپے30 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 52 کا اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 396 روپے 24 پیسے ہو گئی تھی۔

واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ بحران کے باعث حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیا جاتا ہے تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔

مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles