
پاکستان کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ ان کے کیریئر کا بہترین دور ابھی آنا باقی ہے جب کہ وہ تجربے، پختگی اور انجریز سے بچاؤ کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اہم سمجھتے ہیں۔
جمعرات کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو انٹرویو دیتے ہوئے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ انسان اور کرکٹر دونوں میں تبدیلی آتی ہے جب کہ تجربہ اور پختگی کھیل کو سمجھنے میں مدد دیتے ہیں۔
پاکستان نے 9 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف ہوم انٹرنیشنل سیزن کا آغاز کیا، جہاں نسیم شاہ نے 7 ماہ بعد قومی ٹیم کی جانب سے میدان میں واپسی کی۔ انہوں نے اپنے 4 اوورز میں 36 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
نسیم شاہ نے کہا کہ زندگی میں اتار چڑھاؤ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے، نوجوانی میں فاسٹ بولر کی توجہ تیز رفتار بولنگ پر ہوتی ہے لیکن وقت کے ساتھ یہ سمجھنا بھی ضروری ہوجاتا ہے کہ گیند کرتے ہوئے وہ کیا حاصل کرنا چاہتا ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم نسیم شاہ کے کیریئر کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے، فروری 2020 میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنے چوتھے ٹیسٹ میچ کے دوران انہوں نے 16 سال اور 359 دن کی عمر میں ہیٹ ٹرک کرکے ٹیسٹ کرکٹ میں یہ کارنامہ انجام دینے والے کم عمر ترین بولر کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
نسیم شاہ کا 7 سالہ بین الاقوامی کیریئر انجریز سے متاثر رہا ہے، ان کی اہم غیر حاضریوں میں 2023 کے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران ٹیم سے باہر ہونا بھی شامل ہے جب کہ تازہ انجری پاکستان سپر لیگ 2026 کے دوران کمر کی تکلیف کی صورت میں سامنے آئی، جس کے باعث وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے تھے۔
انجری سے واپسی کے تجربے پر بات کرتے ہوئے نسیم شاہ نے کہا کہ انجری کے بعد کھلاڑی کو دوبارہ صفر سے آغاز کرنا پڑتا ہے اور بعض اوقات دوڑنا بھی مشکل ہوجاتا ہے، ایسے میں کھیل کی مشق شروع کرنا مزید دشوار ہوتا ہے۔ ان کے مطابق بحالی کا مناسب پروگرام، اپنے جسم کی کیفیت کو سمجھنا اور اچھی طبی ٹیم کی معاونت صحت یابی کے لیے اہم ہیں۔
نسیم شاہ نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی20 میچ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 136.9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرتے ہوئے سری لنکن کپتان کوشل مینڈس کو غلط شاٹ کھیلنے پر مجبور کیا، جس پر وہ تھرڈ مین پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اننگز کے آخری 10 گیندوں کے دوران سری لنکا کی جانب سے رنز بنانے کی رفتار بڑھانے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے نسیم شاہ نے 141.9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے فل گیند پر دنتھ ویلالاگے کی وکٹیں اڑا دیں۔ اس کے 2 گیندوں بعد انہوں نے لہرو اودارا کو بھی آؤٹ کر دیا، جو 91 رنز بنا چکے تھے۔ بلے باز نے یارکر پر لانگ آن کی جانب شاٹ کھیلنے کی کوشش کی لیکن گیند فیلڈر کے ہاتھوں میں چلی گئی۔
دوسرے ٹی 20 میچ میں نسیم شاہ کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے تاہم پاور پلے میں اپنے 2 اوورز کے دوران انہوں نے صرف 9 رنز دیے۔ اس کے بعد سری لنکن ٹیم ہدف کے تعاقب میں مشکلات کا شکار ہوکر میچ ہار گئی۔
جدید دور کی وائٹ بال کرکٹ کے تقاضوں پر بات کرتے ہوئے نسیم شاہ نے کہا کہ دنیا بھر میں مختلف پچز اور زیادہ رنز والے مقابلوں کے باعث فاسٹ بولرز کو اپنی مہارت میں مسلسل اضافہ کرنا ہوگا اور بلے بازوں کی سوچ کو سمجھ کر انہیں دباؤ میں لانے کی کوشش کرنا ہوگی۔
نسیم شاہ پاکستان کی جانب سے اب تک 93 بین الاقوامی میچز میں 155 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ وہ انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف آئندہ سہ ملکی ون ڈے سیریز کے لیے بھی قومی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں پاکستانی ٹیم اس سیریز کے ذریعے 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاریوں کا آغاز کرے گی۔
نسیم شاہ نے اب تک 34 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 60 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس فارمیٹ میں ان کی بولنگ اوسط 25.91 اور اسٹرائیک ریٹ 28.3 ہے۔ وہ دو مرتبہ ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
اگست 2022 میں نیدرلینڈز کے خلاف اپنے تیسرے ون ڈے میں انہوں نے 33 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں جب کہ جنوری 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف اگلے میچ میں 57 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ اس طرح وہ ون ڈے کرکٹ میں مسلسل 2 میچز میں پانچ پانچ وکٹیں لینے والے پاکستان کے چھٹے بولر بن گئے تھے۔
اپنے مستقبل کے اہداف کے بارے میں نسیم شاہ نے کہا کہ وہ اب تک کھیلی گئی کرکٹ، خصوصاً ٹیسٹ کرکٹ میں، بعض پہلوؤں میں خود کو مزید بہتر بنا سکتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اتنی اچھی کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں کہ انہیں اپنے اہداف یا پرفارمنس کے بارے میں بلند آواز میں بات کرنے کی ضرورت نہ پڑے۔
فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ جب انجریز کم ہوں اور بولنگ میں ردھم اچھی ہو تو چیزیں خود بخود درست سمت میں چلنے لگتی ہیں۔ پاکستان کی ورلڈ کپ مہم 8 اکتوبر 2027 کو افغانستان کے خلاف میچ سے شروع ہوگی، اور نسیم شاہ اس عالمی ایونٹ میں پہلی مرتبہ شرکت کے خواہاں ہوں گے۔