
پاکستان اور انگلینڈ کے خلاف سہ ملکی ون ڈے سیریز سے قبل سری لنکن کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا ہے، سری لنکا کے اوپننگ بلے باز پاتھم نسانکا انجری کے باعث سیریز سے باہر ہوگئے ہیں جب کہ ان کی جگہ لاہیرو اودارا کو سری لنکن اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق سری لنکا کے اوپننگ بلے باز پاتھم نسانکا انجری کے باعث پاکستان میں ہونے والی پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کی سہ ملکی ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
نسانکا انگلینڈ کے دورے کے دوران بائیں ران کے پٹھے میں انجری کا شکار ہوئے تھے اور تاحال مکمل صحت یاب نہیں ہوسکے۔ انہیں سہ ملکی سیریز کے لیے سری لنکا کے 16 رکنی اسکواڈ میں فٹنس سے مشروط طور پر شامل کیا گیا تھا تاہم صحت یابی میں ناکامی کے بعد وہ پاکستان اورانگلینڈ کے خلاف میدان میں نہیں اترسکیں گے۔
سری لنکا کرکٹ بورڈ نے نسانکا کی عدم دستیابی کے بعد ان کے متبادل کا فیصلہ کرتے ہوئے لاہیرو ادارا کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے، لاہیرو ادارا اب پاکستان اورانگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں سری لنکن ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ 32 سالہ لاہیرو اودارا سری لنکا کی جانب سے 5 ٹیسٹ اور 7 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں تاہم انہوں نے اب تک ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو نہیں کیا۔
اودارا کو پاکستان کے خلاف پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میں شاندار بیٹنگ کے بعد دوبارہ وائٹ بال کرکٹ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں 55 گیندوں پر 91 رنز بنائے تھے، جو اس ٹی 20 سیریز میں کسی بھی سری لنکن بیٹر کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔
اودارا نے رواں سال جولائی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ میں 188 رنز کی اننگز کھیلی تھی تاہم اس کے بعد 5 ٹیسٹ اننگز میں وہ 30 رنز کا ہندسہ عبور نہیں کرسکے۔ انہیں پاکستان کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے سری لنکن اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا، اس لیے سہ ملکی ون ڈے سیریز ان کے لیے بین الاقوامی سطح پر اپنی جگہ مستحکم کرنے کا اہم موقع ہوگی۔
لاہیرو اودارا نے 97 لسٹ اے اننگز میں 32.09 کی اوسط اور 85.97 کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنائے ہیں۔
دوسری جانب پاتھم نسانکا کی انجری سری لنکن ٹیم کے لیے اہم نقصان قرار دی جا رہی ہے کیوں کہ وہ بطوراوپننگ بلے باز اننگز کے آغاز میں ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ان کی عدم موجودگی میں سری لنکن ٹیم کو اپنی بیٹنگ ترتیب میں تبدیلی کرنا پڑ سکتی ہے۔
2024 سے اب تک سری لنکا کے بیٹرز میں صرف نئے کپتان کوشل مینڈس نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں پاتھم نسانکا سے زیادہ رنز بنائے ہیں اور وہ اس عرصے کے دوران 1,324 ون ڈے رنز بنا چکے ہیں۔ نسانکا کی توجہ اب پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے افتتاحی میچ کے لیے فٹ ہونے پر ہوگی، جو 9 نومبر کو راولپنڈی میں شروع ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کھیلی جانے والی 7 میچوں پر مشتمل سہ ملکی ون ڈے سیریز 18 اکتوبر سے شروع ہوگی، جس میں میزبان پاکستان کے علاوہ سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں شرکت کریں گی، سیریز کے میچز راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے جب کہ افتتاحی میچ میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
سری لنکن ٹیم اس سے قبل پاکستان کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز میں بھی حصہ لے چکی ہے، جس میں میزبان ٹیم نے دو ایک سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم اب ون ڈے فارمیٹ میں بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے سری لنکا کو اہم کھلاڑی کی عدم دستیابی کے باوجود متوازن کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔