کراچی: کینیڈا سے لُوٹنے والے بزرگ میاں بیوی کی بند گھر سے لاشیں برآمد


کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں کینیڈا سے واپس آنے والے بزرگ میاں بیوی کو گھر میں قتل کر دیا گیا۔ دونوں کی تشدد زدہ لاشیں بند گھر سے ملنے کے بعد پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق نارتھ کراچی سیکٹر الیون سی ون میں پیش آنے والے دوہرے قتل کا مقدمہ مقتول محمد یامین کے بھائی محمد انور کی مدعیت میں تھانہ سر سید میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں قتل سے متعلق دفعات شامل کی گئی ہیں۔
مدعی محمد انور کے مطابق ان کے بھائی محمد یامین اور بھابھی نفیس اختر کچھ عرصہ قبل کینیڈا سے کراچی واپس آئے تھے۔ انہوں نے نارتھ کراچی میں واقع اپنے گھر کو بہن پروین سے خالی کروا کر وہاں مرمت کا کام شروع کرایا تھا۔
محمد انور نے بتایا کہ ان کی بھابھی کے بھائی رضوان نے فون کر کے اطلاع دی کہ گھر کا دروازہ نہیں کھل رہا۔ وہ موقع پر پہنچے، تاہم اندر سے کوئی جواب نہ ملنے پر واپس چلے گئے۔ بعدازاں شام کو ڈپلیکیٹ چابی سے دروازہ کھولا گیا تو ٹی وی لاؤنج میں میاں بیوی کی خون میں لت پت لاشیں پڑی تھیں، جس پر پولیس مددگار 15 کو اطلاع دی گئی۔

مقتولین کا عباسی شہید اسپتال میں پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی شواہد کے مطابق دونوں کے سروں پر شدید چوٹوں کے نشانات پائے گئے ہیں، جس سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انہیں کسی بھاری چیز سے وار کر کے قتل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق گھر سے تاحال ڈکیتی یا لوٹ مار کے واضح شواہد نہیں ملے، جبکہ مکان میں تعمیراتی کام کرنے والے مزدوروں کے بارے میں بھی معلومات حاصل نہیں ہو سکیں۔ پولیس علاقے اور اطراف میں مزدوری کے لیے بیٹھنے والے افراد سے پوچھ گچھ کر رہی ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر ملزمان تک پہنچا جا سکے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles