پنجاب میں کل سے موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ


پنجاب میں مون سون بارشوں کے چھٹے اسپیل کے باعث آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف اضلاع میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ بارشوں کا یہ سلسلہ 21 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال اور اٹک میں بارش متوقع ہے، جبکہ سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں بھی بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب سمیت سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور نورپور تھل میں بھی بارشیں ہوسکتی ہیں۔ فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 20 اور 21 اگست کو بارش متوقع ہے، جبکہ لیہ اور بھکر میں بھی انہی تاریخوں کے دوران بارش کا امکان ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ 17 سے 20 اگست کے دوران لاہور سمیت مختلف شہروں کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کے متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے تاکہ بارشوں کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جاسکے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچے اور بوسیدہ مکانات میں رہائش اختیار نہ کی جائے۔ آندھی یا طوفان کی صورت میں شہری محفوظ مقامات پر رہیں اور آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے بھی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

پی ڈی ایم اے نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ بچوں کو نشیبی علاقوں، جمع شدہ پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رکھا جائے۔ گرج چمک اور طوفانی موسم کے دوران شہری کھلے آسمان تلے جانے سے گریز کریں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles